Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

راجاجی میچ تکساں: پاک انگلینڈ ٹیسٹ سے قبل برطانوی ہائی کمشنرموڈ میں

کرسچین ٹرنر نے اسٹیڈیم جانے کیلئے پوٹھوہاری بول کررنگ جمادیا
شائع 01 دسمبر 2022 10:34am

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنرکرسچن ٹرنر بھی خاصے پُرجوش ہیں۔

میچ سے قبل کرسچین ٹرنرنے اپنی خصوصی ویڈیو شیئرکی جس میں وہ مقامی رنگ میں رنگے نظرآتے ہیں اور ساتھ ہی اسٹیڈیم جانے کیلئے رکشہ ڈرائیور کے ہمراہ تیار کھڑے ہیں۔

خطہ پوٹھو ہارکے اہم ترین شہر راولپنڈی میں موجود برطانوی ہائی کمشنرنے اردو زبان میں دیے جانے والے پیغام میں مقامی زبان پوٹھو ہاری کا بھی تڑکا لگایا۔

اسلام وعلیکم سےآغازکرنے والے کرسچین ٹرنرنے ٹی 20 سیریزاور ٹی20 ورلڈ کپ فائنل کو اپنی ٹیم کے لیے یادگار قراردیتے ہوئے کہا کہ، ”یکم سے 21 دسمبرتک جیت اسی کی ہوگی جو جوگرم جوشی دکھائے گا“۔

برطانوی ہائی کمشنرنے پیغام دیا، ’لڑکوں جم کرکھیلنا کیونکہ ہے جذبہ جنوں تو ہمت نہ ہار‘۔

ویڈیو میں بھرپور رنگ بھرنے کیلئے کرسچین نے انگلینڈ کرکٹ ٹیم جبکہ رکشہ ڈرائیور نے گرین شرٹس کی جرسی پہن رکھی ہے۔

سب سے دلچسپ لمحہ رکشہ ڈرائیور کی جانب سے استفسار پرکرسچین کا پوٹھوہاری میں کہنا ہے، راجا جی پنڈی جلساں ، میچ تکساں (راولپنڈی جانا ہے، میچ دیکھنا ہے)۔“

بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلش ٹیم راولپنڈی، ملتان اور کراچی میں 3 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم یکم سے 5 دسمبر تک افتتاحی ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 9 سے 13 دسمبرتک دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم جو کہ اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کے نام سے جانا جاتا ہے،17 سے 21 دسمبر تک سیریز کا تیسرا اورآخری ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

cricket

British High Commissioner

Christian Turner

Pak vs Eng test

Pothohari language