وزیراعظم کا نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس سے توقعات کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف سے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ساحر شمشاد مرزا نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران شہباز شریف نے دونوں افسرا ن کو تعیناتی پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر افسران نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے نامزد آرمی چیف کو مبارکباد دی اور کہا کہ امید ہے آپ کی سربراہی میں مسلح افواج قومی سلامتی کو درپیش چیلینجز سے احسن انداز میں نمٹیں گی اور اور ملک سے دہشت گردی کی عفریت کو مکمل ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔
وزیراعظم نے نامزد آرمی چیف سے کہا کہ آپ کی پیشہ وارانہ لیاقت، ساکھ اور حب الوطنی باعث فخر ہے۔ وزیراعظم نے جنرل عاصم منیر سے گفتگو میں کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ان ذمہ داریوں میں رہنمائی اور مدد فرمائے۔ نامزد آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے چئیرمن جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدے پر تعیناتی پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مبارک دی اور کہا کہ آپ کی پیشہ وارانہ قابلیت سے مسلح افواج اور پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعظم نے جنرل ساحر شمشاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد مرزا نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کی سمری پر دستخط کرکے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد کو جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کردیا ہے۔
Comments are closed on this story.