Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی ڈیفنس میں پولیس اہلکار کو قتل کرنیوالا کار سوار خاتون کو اغوا کرنا چاہتا تھا

گاڑی برآمد، سی سی ٹی وی فوٹیج ملنے کے باوجود ملزم گرفتار نہیں ہو سکا
اپ ڈیٹ 22 نومبر 2022 12:53pm
تصاویر بزریعہ اسکرین گریب
تصاویر بزریعہ اسکرین گریب

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیومیں نامعلوم کار سوار ملزم کی فائرنگ سے شاہین فورس کا اہلکار جاں بحق ہوگیا، پولیس نے ملزم کا سراغ لگا کر کار اور اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق مقتول اہلکار کی شناخت عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے، مقتول شاہین فورس میں تعینات تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کار سوار شخص مبینہ طور پر کسی خاتون کو اغواء کرنا چاہتا تھا، اسی دوران پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے، خاتون گاڑی سے اتر کر فرار ہوگئی، اہلکار تفتیش کے لئے ملزم کو تھانے منتقل کرنا چاہتے تھے۔

ایک اہلکار کار سوار کے ساتھ گاڑی میں موجود تھا، اسی دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر نامعلوم کار سوار نے فائرنگ کردی، جس سے کار میں موجود اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزم اہلکار کی لاش چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

وقوعہ کے وقت کی موبائل فوٹیج بھی منظرِ عام پر آچکی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار نے مبینہ قاتل سے سوال کیا تم نے اپنا اسلحہ کیوں نکالا؟

یہ بھی پڑھیں: کلفٹن فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج، ایف آئی آر کی تفصیلات جاری

جس پر ملزم نے جواب دیا کہ میرا لائسنس والا اسلحہ ہے، میں چاہوں تو نکالوں نہ چاہوں تو نہ نکالوں۔

پولیس اہلکار ملزم کو حکم دیتا ہے کہ گاڑی میں بیٹھو اور چلو۔ تو ملزم نے جواب دیا کہ آپ کو جہاں لے جانا ہے مجھے بتائیں میں خود جاؤں گا۔

تلخ کلامی کے بعد مسلح شخص نے فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد جمع کیے جارہے ہیں، پولیس نے ڈیفنس میں ملزم کے گھر پر چھاپہ مارکر واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی تحویل میں لے لی۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گاڑی سے مزید 3 سے 4 ہتھیار برآمد ہوئے ہیں جس میں ممکنہ طور پر وردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی شامل ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق ملزم کے متعلق پتہ چلا ہے کہ وہ حال ہی میں سوئیڈن سے پڑھ کر آیا تھا۔

مقتول سپاہی نے بھی زخمی ہونے کے بعد ملزم پر فائر کیا جو گاڑی پر لگا ، ملزم اور اہلکار کے درمیان اسلحہ حوالے کرنے پر تلخ کلامی ہوئی جس پر ملزم نے فائر کیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملزم کی تلاش جاری ہے جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

firing

karachi

defence

shaheen force