Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

سائفر سے متعلق غلط بیانی پر عمران و دیگر کیخلاف پٹیشن کی سماعت

سائفر میں عمران خان کے خلاف کسی سازش کا ذکر ہے اور نہ انہیں اقتدار سے ہٹانے کی بات کی گئی، درخواسگزار
شائع 21 نومبر 2022 06:27pm
عدالت نے سماعت 13  دسمبر تک ملتوی کر دی۔ فوٹو — فائل
عدالت نے سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ فوٹو — فائل

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور سابق پرنسپل سیکرٹری کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے آئندہ سماعت دلائل طلب کرلیے۔

درخواست گزار شیخ مظفر حسین نے درخواست اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی جس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔

لاہور کے سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیسن جج چوہدری غلام رسول نے عمران خان و دیگر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار مظفر حسین نے مؤقف اپنایا کہ امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید کی جانب سے جولائی میں ایک بیان سامنے آیا، جس میں کہا گیا کہ ڈونلڈ لو اسسٹنٹ سیکرٹری امریکا سے میٹنگ کے دوران گلہ کیا آپ نے صدر جو بائیڈن کی عمران خان سے فون پر بات نہیں کروائی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ جواب میں ڈونلڈ لو نے عمران خان کی وہ ساری تقریریں بیان اور ٹویٹس دہرائے جو انہوں نے امریکا کے خلاف کہے، ڈونلڈ لو نے کہا آپ لوگ امریکی الیکشن کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی سپورٹ کرتے رہے، تو اب کس منہ سے عمران خان کی جو بائیڈن سے بات کروانی ہے، بہر حال پاکستان میں اگر عدم اعتماد کامیاب ہو جاتی ہے اور نیا وزیراعظم آجاتا ہے تو میں کوشش کروں گا۔

مظفر حسین نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ اسد مجید نے ڈونلڈ لو سے اپنی ملاقات کا احوال لکھ کر خط پاکستان بھجوا دیا جو اس وقت کے فارن سیکرٹری سہیل محمود نے پروسیجر کے مطابق پی ایم ہاؤس،آئی ایس آئی اور جی ایچ کیو بھجوایا۔

عدالت میں درخواست گزار نے کہا کہ اس مراسلے میں کسی بھی جگہ عمران خان کے خلاف کسی سازش کا ذکر ہے اور نہ ہی ان کو اقتدار سے ہٹانے کی کوئی بات کی گئی، تاہم عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور اعظم خان نے ملی بھگت سے جعل سازی کرتے ہوئے مراسلے میں تبدیلی کی جب کہ مراسلے میں تبدیلی کرنے کے ضمن میں ان کی آڈیو بھی لیک ہو چکی ہے۔

مظفر حسین نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت عمران و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف قومی امانت میں خیانت کرنے، قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور قوم کے ساتھ فراڈ کرنے پر غداری کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے مظفر حسین کا مؤقف سننے کے بعد وزیراعظم عمران خان ،شاہ محمود قریشی، اسد عمر اورسابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر آئندہ سماعت درخواست گزار کے وکیل سے دلائل طلب کر لیے اور سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

Shah Mehmood Qureshi

imran khan

Asad Umer