Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جھوٹ پکڑنے کیلئے عمران خان حملہ کیس کے ملزم نوید سے بار بار سوالات

کنٹینر کے اطراف تعینات سیکورٹی اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کا فیصلہ
شائع 19 نومبر 2022 03:12pm
عدالت نے ملزم کو 29 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ فوٹو — فائل
عدالت نے ملزم کو 29 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ فوٹو — فائل

عمران خان پر حملے کے ملزم نوید کا عدالت سے ریمانڈ ملنے کے بعد وزیرآباد واقعے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے اس سے تفتیش شروع کردی ہے ۔ جب کہ لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے اطراف تعینات اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ملزم نوید کو 10 روز تک بغیر ریمانڈ کے پولیس تحویل میں رکھا گیاتھا۔ جمعرات کو جب اسے پیش کیا گیا تو عدالت نے 12 روزہ ریمانڈ پر نوید کو پولیس کے حوالے کردیا۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے تفتیش کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے ملزم نوید سے وقوعہ کے روز کی نقل و حرکت پوچھی۔ ملزم نے جے آئی ٹی کے روبرو وہ بیان دہرایا جو اس نے 3 نومبر کو گرفتاری کے فوراً بعد دیا تھا۔

تحقیقاتی ٹیم نے ملزم نوید سے حالات و واقعات پر سوالات کئے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم کا کہنا تھا کہ وہ دو گھنٹے سے عمران خان پر حملے کرنے کے لیے موقع کا انتظار کر رہا تھا جب کہ حملے کے بعد اس نے دائیں جانب گلی سے فرار ہونا تھا۔ نوید کا دعویٰ تھا کہ اس نے اکیلے ہی حملے کی منصوبہ بندی کی۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ واقعے کے محرکات جاننے کیلئے ملزم کا بار بار انٹرویو کیا جائے گا جب کہ لانگ مارچ سکیورٹی اور کنٹینر کے اطراف تعینات اہلکاروں سے بھی پوچھ گچھ ہوگی،دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کارکن معظم کی ہلاکت پر تفتیش کی جائے گی۔

ملزم نوید کو چوہنگ میں سی ٹی ڈی حکام کی تحویل میں رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر 3 نومبر کو وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔

تحریک انصاف کا کارکن معظم اس حملے میں جاں بحق ہوا تھا ابتدا میں خیال تھا کہ اسے نوید کی پستول سے چلنے والی گولی لگی لیکن پوسٹ مارٹم رپورٹ سے انکشاف ہوا کہ اسے دور سے گولی لگی جو معظم کے پستول کی نہیں تھی۔

imran khan

PTI long march 2022

Attacker Naveed

Imran khan attack

Politics Nov 19 2022