Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سیہون وین حادثے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج

مسافر وین میں گنجائش سے زائد افراد سوار تھے جب کہ سڑک پر حفاظتی انتظامات بھی نہیں تھے، ایف آئی آر
شائع 18 نومبر 2022 06:53pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

پولیس نے سیہون میں گزشتہ روز وین میں ہونے والے حادثے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا۔

افسوسناک حادثے کا مقدمہ اےایس آئی اظہر جوکھیو کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس کے مطابق مسافر وین میں گنجائش سے زائد افراد سوار تھے جب کہ سڑک پر حفاظتی انتظامات بھی نہیں تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سیہون ٹول پلازہ کے قریب بچل چنہ کے مقام پر ایک تیز رفتار مسافر وین انڈس ہائی وے روڈ کے مقام پر سڑک سے نیچے جا گری۔

ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ وین کھائی میں گری تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ پانی کے اخراج کے لیے لگایا گیا کٹ تھا۔ حادثے کے وقت یہاں پر سیلابی پانی موجود تھا۔

اس پانی میں گرنے کے بعد خیرپور سے سیہون کی جانب جانے والی مسافر وین کے مسافر ڈوب گئے تھے، بیشتر ہلاکتیں ڈوبنے سے ہوئیں۔

حادثے میں 12 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوئے جن کا تعلق خیرپور سے تھا۔ جاں بحق افراد کو عبداللہ شاہ اسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ہیلتھ اینڈ سائنسس منتقل کیا گیا۔

FIR

Sindh floods

sehwan