Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اہم تقرری پر ہماری پالیسی ہے ”دیکھو اور انتظارکرو“، عمران خان

مجھ پر اسنائپر سے فائرنگ کی، چئیرمین پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 18 نومبر 2022 09:42am
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے اختلافات احتساب اور عثمان بزدار کو نہ ہٹانے پرہوئے، ان کے کہنے پرعثمان بزدار کو ہٹاتے تو ہماری پنجاب حکومت گر جاتی۔

زمان پارک میں سینئرصحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ سو فیصد یقین ہے کہ مجھ پر اسنائپر نے فائرنگ کی، ایف آئی آر کے درج نہ ہونے پر پرویز الہٰی ذمہ دار نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اہم تقرری پر حکومتی حلقوں میں گھبراہٹ ہے اور یہ آپس میں دست و گریبان ہیں، لیکن اس معاملے پر ہماری پالیسی ”دیکھو اور انتظارکرو“ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اور ہماری حکومت خارجہ پالیسی پر ایک پیج پر تھے، دورہ روس سے واپسی پر اختلافات پیدا ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصدقہ یقین ہے فائرنگ کرنے والے ایک سے زیادہ تھے، جے آئی ٹی نے کام شروع کردیا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کے خطرات بڑھ رہے ہیں، سیاسی استحکام تک معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، معیشت کی بحالی کا انحصار صرف اورسیز پاکستانیوں پر ہے۔

ان لوگوں نے چند کروڑ روپے کی بات کو اتنا بڑھاوا دے دیا

پشاور، جہلم اور دینہ میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ رسک 80 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو کل تک 75.5 فیصد تھی، ڈیفالٹ رسک بڑھنے سے پاکستان کو کوئی قرضہ نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی رقوم اور برآمدات کم ہو رہی ہیں، باہر کے بینک اگر ڈالر نہیں دیں گے تو پاکستان ڈیفالٹ ہوجائے گا جس کی وجہ سے روپے کی قدر مزید کم ہوگی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ روپیہ گرنے سے مہنگائی اور بڑھ جائے گی، پاکستان میں ابھی 5 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں اور مہنگائی کی وجہ سے مزید پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے آجائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت نے اسمبلی میں بیٹھ کر قانون پاس کیا ہے جس سے ان کے بڑے کیسز ختم ہوں گے، قانون بنا کر انہوں نے خود کو این آر او دے دیا، قوم کو 1100 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

گھڑی کے معاملے پر امریکا، دبئی، برطانیہ میں کیس کروں گا

توشہ خانہ کی گھڑی کے معاملے پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ایک چینل کے ساتھ پروپیگنڈا کر رہے ہیں، میں انہوں کے خلاف امریکا، دبئی، برطانیہ میں کیس کروں گا، ان لوگوں نے مجھے بیرون ممالک میں ایکسپوز کرنے کا موقع دے دیا ہے، چند کروڑ روپے کی بات کو اتتا بڑھاوا دے دیا جب کہ ان لوگوں نے 1100 ارب روپے کی کرپشن کی ہوئی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نےمعیشت برباد کرکے بیرون ملک بھاگ جانا ہے، ان کے مفادات اور پاکستان کے مفادات میں تضاد ہے اور اگر یہ لوگ رہ گئے تو ملک کو نقصان پہنچے گا، آج ملک کے ساتھ غداری ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں انہیں بد ترین شکست ہوئی، ان تمام جماعتوں نے مل کر الیکشن لڑا جس میں اسٹیبلشمنٹ بھی ان کے ساتھ تھی لیکن اس کے باوجود انہیں شکست ہوئی۔

ہفتے کو اعلان کروں گا راولپنڈی کب پہنچنا ہے

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ان لوگوں نے مجھے قتل کرانے کی کوشش کی، میں نے تین افرا د کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا مطالبہ کیا جن میں شہباز شریف، رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہفتےکو اعلان کروں گا کب راولپنڈی پہنچنا ہے، مجھے امید ہے قوم کا سمندر راولپنڈی پہنچے گا۔

imran khan

Army chief appointment

Azadi March Nov17 2022

Relations with establishment

Azadi March Nov18 2022