Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

دریائے سندھ کے جزائر پر 250 ڈاکوؤں کی موجودگی کا انکشاف، پولیس بے بس

فوج جنگ کے طور پر لڑتی ہے جس سے زیادہ نقصان ہوتا ہے، چئیرمین نیکٹا
شائع 17 نومبر 2022 03:24pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

چیئرمین احمد حسین کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب صدیق احسن نے داخلہ کمیٹی میں انکشاف کیا ہے کہ دریائے سندھ کے چھوٹے چھوٹے جزائر پر 19 کے قریب جرائم پیشہ گروپس ہیں جن میں 250 افراد شامل ہیں، 40 لاکھ روپے لگا چکے، کئی آپریشن کئے گئے لیکن حل نہیں نکل پایا۔

چیئرمین نیکٹا رائے طاہر نے کہا کہ آرمی اور رینجرز کو بلا کر بھی دیکھ چکے ہیں فوجی جوان جنگ کے طور پر لڑتے ہیں جس سے زیادہ نقصان ہوتا ہے۔

ممبرکمیٹی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ لڑکی کی آوازوں میں لوگوں کو ٹریپ کرکے شہریوں کو اغواء کیا جاتا ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے تجاویز مانگیں تو ایڈیشنل آئی جی پنجاب بولے ان علاقوں کو اسپیشل علاقہ قرار دیا جائے، تمام تھانوں کو بکتربند گاڑیاں فراہم کی جائیں، بلوچ لڑکوں کو بھرتی کیا جائے اور بھرتیوں کے ضابطے میں نرمی کی جائے۔

چیئرمین کمیٹی نے جعلی مقدمات کے اندراج پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ایف آئی آر پر کئی کئی سال عدالتوں میں مقدمات چلتے رہتے ہیں، چاہتے ہیں جھوٹے مقدمے کرانے والے پر بھی ایف آئی آر ہونی چاہیے۔

چیئرمین کمیٹی بولے پاکستان میں 90 فیصد کام غیر قانونی ہوتے ہیں حل بتائیں۔

کمیٹی نے سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے آئی جیزکو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔

Punjab police

Kacha Area

Ghotki Operation