Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

صائم صادق کو فلم جوائے لینڈ بنانے کا خیال کیسے آیا؟

فلم جوائے لینڈ میں بہت ساری ایسی چیزیں جو ہماری فلموں میں دکھائی نہیں جاتی، ہدایتکار
شائع 16 نومبر 2022 11:30pm

ہدایتکار صائم صادق نے پاکستان میں تنازعات کا شکار ہونے والی فلم جوائے لینڈ کو بنانے کی وجہ بتادی ۔

آج ڈیجیٹل سے گفتگو میں فلم جوائے لینڈ کے ہدایتکار صائم صادق نے بتایا کہ میں ایک لاہور کا لڑکا ہوں میں پنجاب میں پلا بڑھا ہوں شاید یہ فلم میرے خاندان سے، مجھ سے یا میرے ارد گرد سے نکلی ہے یہ کہانی اسی لیے مجھے بہت پسند ہے اور میں چاہتا ہوں کہ یہ فلم میں اپنے ملک کے لوگوں کو دکھاوں حالانکہ ہم بہت سارے ملکوں میں فلم ریلیز کرنے والے ہیں لیکن میری سب سے زیادہ خواہش ہے کہ میں اس فلم کو پاکستان میں نمائش کیلئے پیش کروں ۔

انہوں نے بتایا کہ فلم کی کہانی ایک ایسے لڑکے کے گرد گومتی ہے جس کے پاس نوکری نہیں ہے جو کہ شادی شدہ ہوتا ہے ساتھ ہی اس کے اپنے والد کے ساتھ اور بیوی کے ساتھ کیسے تعلقات ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ دراصل فلم کی مرکزی کہانی اسی پر مبنی ہے کہ اس لڑکے کی بیوی کی نوکری پنجابی مجرا تھیٹر کے اندر لگ جاتی ہے جس کے بعد اس کے خاندان پر مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

صائم صادق کا کہنا تھا کہ ایسے مجرا تھیٹر پاکستان کے ہر بڑے شہر میں ہے اور چاہے آپ پسند کریں یا نہ کریں لیکن میرا ماننا ہے کہ یہ ہماری تاریخ کا حصہ ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس فلم بہت ساری ایسی چیزیں جو ہماری فلموں میں دکھائی نہیں جاتی کیونکہ ہماری فلموں میں ہمارا اپنا عکس کبھی ہمیں دیکھنے کو نہیں ملتا لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ہماری فلمیں اچھی نہیں ۔

صائم صادق کہنا تھا کہ فلم پر وہ لوگ اعتراض کررہے ہیں جنہوں نے فلم کو دیکھا بھی نہیں ہے جن کو فلم نہیں دیکھنی وہ نہ دیکھیں لیکن جو دیکھنا چاہتے ہیں وہ ان سے اس کا حق نہ چھینے ۔

جوائے لینڈ کو مئی 2022 میں دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کانزمیں ’کانز:کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا ۔

علاوہ ازیں حال ہی میں فلم کے اداکار علی جونیجو کو ساؤ پولو فلم فیسٹیول میں بھی بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

پاکستان میں اس فلم کی ریلیز 18 نومبرکے لیے شیڈول تھی تاہم اس سے قبل ہی جماعت اسلامی کے سنیٹر مشتاق احمد نے موضوع کی بنیاد پر فلم پرپابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے جس کے بعد 11 نومبر کو وفاقی وزارت اطلاعات نے فلم کی نمائش روک دی تھی ۔

ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

joyland

Saim sadiq