Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

آرمی چیف کی تعیناتی ہم پیچھے بیٹھ کر دیکھ رہے ہیں، عمران خان

ہمیں مذاکرات کا پیغام بھیجا جا رہا ہے، عمران خان
اپ ڈیٹ 16 نومبر 2022 11:18pm
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — سوشل میڈیا
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان۔ فوٹو — سوشل میڈیا

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر ہم پیچھے بیٹھ کر دیکھ رہے ہیں۔

لاہور میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ رول آف لاء سے آزاد قوم بنتی ہے اور آزاد قوم ملک کو ترقی کی طرف لے جاتی ہے، آرمی چیف کی تعیناتی پر ہم پیچھے بیٹھ کر دیکھ رہے ہیں، یہ جو کرنا چاہتے ہیں کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایسے شخص کو آرمی چیف تعینات کرنا چاہتا ہے جو اس کے مفادات کا تحفظ کرے، لیکن کوئی بھی آرمی چیف عوام کے مفاد کے خلاف نہیں جاتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس پر جھوٹ پر مبنی خبر چلائی گئی جس پر وہ نجی ٹی وی اور اس کے اینکر کے خلاف لندن، دبئی اور پاکستان میں کیس کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حقیقیت یہ ہے توشہ خانہ کی گھڑی اسلام آباد میں فروخت کی گئی تھی جس کا ثبوت موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے شہزاد اکبر اور فرح کے ذریعے تحائف کہاں بیچے، مبینہ خریدار سامنے آگیا

چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہمیں مذاکرات کا پیغام بھیجا جا رہا ہے مگر ہم نے الیکشن کی تاریخ دینے کا کہا ہے، صرف صاف اور شفاف الیکشن ہی اس بحران کا حل ہے۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا کے معاملے پر ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا، میں نے کہا تھا اپنے مفاد پر ملکی مفاد کو ترجیح دوں گا، امریکا نے میری حکومت گرائی تھی مگر ملکی مفاد کی وجہ سے ان سے اچھے تعلقات رہیں گے۔

دوسری جانب جہلم میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عمر فاروق نامی تحائف خریدنے کا دعویٰ کرنے والا شخص ناروے سے مفرور ہے جس پر ایف آئی اے کے کیسز بھی ہیں، البتہ توشہ خانہ میں کھڑی کا ریکارڈ توشہ خانہ میں موجود ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم سے گذارش ہے کہ جب ہم تاریخ دیں پنڈی پہنچیں، ایک دو روز میں پنڈی پہنچنے کا وقت بتا دوں گا، ہمارا مارچ پُر امن اور قانون کے اندر ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے میں پیچھے ہٹنے کے بیان پر تبصرہ کیا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کی آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر پیچھے ہٹنے کی بات پر کہا کہ ’ہو کون تم بھئی؟‘۔

imran khan

watch

tosha khana case

PTI long march 2022

Azadi March Nov17 2022