Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

پتھروں کو تراش کر بنائے گئے اسمائے حسنیٰ

مجسمہ ساز انجم ایاز کے خوبصورت فن پاروں پر مبنی نمائش
شائع 12 نومبر 2022 10:53pm

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے معروف مجسمہ ساز انجم ایاز کے خوبصورت فن پاروں پر مبنی نمائش کا اہتمام جون ایلیاء لان میں کیا گیا۔

نمائش کا افتتاح معروف دانشور و ادیب انور مقصود اور صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے کیا، مجسمہ ساز انجم ایاز نے پتھروں کو تراش کر ان پر اسمائے حسنیٰ کنندہ کیے ہیں۔

انور مقصود نے نمائش سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ انجم ایاز کوجانتے ہیں جو لوگ آرٹ کو جانتے ہیں جنہیں آرٹ کا شوق ہے وہ سب انجم ایاز کو مانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انجم ایاز کا تعلق امروہہ سے ہے امروہہ کا کوئی آدمی خطاطی کے بغیر نہیں رہ سکتا، امروہہ خطاطی کے بغیر ایسا ہے جیسے پاکستان بغیر پاک فوج کے۔

انور مقصود نے مزید کہا کہ ان کی والدہ ان کو کہا کرتی تھی کہ صرف خطاطی کرو کیونکہ ہیرا پتھر سے نکالا جاتا ہے انجم نے ہیروں سے پتھر نکالا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ نے ہماری زمین پر بے شمار نعمتیں رکھی ہیں، انجم نے یہ پتھر نہ جانے کہاں سے ڈھونڈ نکالے ہیں،اس طرح کے پتھر اپنی زندگی میں نہیں دیکھے، انجم کے فن پارے آ پ کو چین ،جاپان دنیا بھر میں ہر جگہ ملیں گے۔

مجسمہ ساز انجم ایاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پتھروں کو تراشنا شروع کیا اور ان پر اسمائے حسنی تراشے،ہمارے ملک میں ہر قسم کا پتھر موجود ہے۔

انجم ایاز آج ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ سنگ تراشی اس لیے مندوم ہوتی جارہی ہے کیونکہ اب پتھر توڑنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ۔

صدر آرٹس کونسل کراچی نے کہا کہ انجم ایاز بہت بڑے فنکار ہیں انجم ایاز نے پتھروں کو تراش کر ان پر اسمائے حسنیٰ تراشے ہیں، یہ بہت ہی زبردست کام ہے جو انہوں نے کیا ہے۔

Anjum Ayaz