ورلڈ بینک کا سیلاب متاثرین کیلئے500 ملین ڈالرز دینے کا اعلان
ورلڈ بینک سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیرکے لئے 500 ملین اور سڑکوں کی تعمیر کے لئے 80 ملین ڈالر کا قرض دے رہا ہے۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹرکی سربراہی میں31 رکنی وفد سے ملاقات ہوئی، جس میں ورلڈ بینک کے مختلف سیکٹر کے سربراہان شریک تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گھروں کی تعمیر جلد شروع کرنا چاہتے ہیں سردیاں بھی شروع ہورہی ہیں اور ہمارے لوگ تکلیف میں ہیں۔
کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ ورلڈبینک ہاؤسنگ پروجیکٹ کے لئے فنڈزجاری کررہا ہے اور سیلاب متاثرین کے لئے ورلڈ بینک 500 ملین ڈالرزکا قرض دے رہا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب سے 500 سڑکیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں، 268 سڑکوں کی مرمت ورلڈ بینک کے تعاون سے کی جائے گی جبکہ ورلڈ بینک ان سڑکوں کے لئے 80 ملین ڈالردے رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کی ضرورت مطابق منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ ملاقات میں جام صادق پُل کے متبادل پُل کی تعمیرجلد شروع کرنے پراتفاق کیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منصوبہ جلد فائنل کرنے کے لیے تکنیکی ماہرین کا تقررکیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سولرپروجیکٹ سیلاب متاثرعلاقوں میں شروع کرنا چاہتے ہیں، جبکہ متاثرعلاقوں میں تعمیرہونے والے گھروں کو بھی سولرسسٹم دینا چاہتے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ورلڈ بینک نے پروجیکٹ شروع کرنے پراتفاق کیا اور سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان پراپرٹی ٹیکس کے سروے کو جلد شروع کرنے پربھی اتفاق ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ مذکورہ منصوبہ اب کراچی میں اگلے ماہ سے شروع کیا جائے گا۔ ورلڈ بینک کے وفد سے ملاقات میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی و دیگرشریک افسران بھی شریک تھے۔
Comments are closed on this story.