عمران خان پرحملہ: پنجاب کابینہ کا جے آئی ٹی کی تشکیل کا فیصلہ
پنجاب کابینہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، لانگ مارچ کنٹینر کو بھی خصوصی سیکیورٹی دی جائے گی۔
پنجاب کابینہ کی کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں چیئرمین کمیٹی راجہ بشارت نے بذریعہ ویڈیو لنک راولپنڈی سے صدارت کی، جبکہ مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادی مارچ پر فائرنگ سے عمران خان سمیت 14 افراد زخمی ہوئے، ایک جاں بحق
اجلاس میں عمران خان حملہ کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جس کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی ہائی ویز پٹرول ریاض نذیر گاڑھا کریں گے،دیگر ارکان میں متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر نے لانگ مارچ کے کنٹینر کو عمران خان کے لئے خصوصی سیکیورٹی بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان حملے کی ایف آئی آر لیک، تین ناموں میں سے کتنے شامل ہوئے
چیئرمین کے کمیٹی راجہ بشارت نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت سے رابطہ رکھیں، کنٹینر پر بلٹ پروف روسٹرم اور گلاس لازمی نصب کیا جائے گا۔
راجہ بشارت نے کہا کہ اسنائپرز کی تعیناتی اور دیگر سیکیورٹی انتظامات میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث بند موٹرویز کو جلد کھولنے اورججز کو راستہ دینے کیلئے پارٹی سے بات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.