Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان نے خود پرحملہ کرنے والے ملزم کا بیان جھوٹا قراردے دیا

عمران خان کا حملے کی ایف آئی آر کو چیلنج کرنے کا فیصلہ
اپ ڈیٹ 08 نومبر 2022 07:01pm
عمران خان کی لاہور میں صحافیوں سے گفتگو۔ فوٹو — اسکرین گریب
عمران خان کی لاہور میں صحافیوں سے گفتگو۔ فوٹو — اسکرین گریب

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ملزم نوید کے بیان کو جھوٹا قرار دے دیا۔

لاہور میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملزم نوید کی حفاظت کی ذمہ داری پنجاب حکومت کی لگا دی ہے، نوید کا بیان جھوٹ پر مبنی ہے اور جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کا فوج سے کوئی مسئلہ نہیں، ملک کا انتظام چلانا ہے تو اقتدار کے ساتھ اختیار بھی ملنا چاہئے۔

عمران خان نے کہا کہ پتہ تھا کہ ماریں گے اس لیے پہلے ہی ویڈیو ریکارڈ کروا دی، جب ہم مضبوط ہونے لگے تو دوسرا منصوبہ بنایا گیا ، معلوم تھا کہ گوجرانوالہ یا گجرات میں حملہ ہوگا۔

سعد رضوی نے خود کو بڑے اچھے انداز سے ملزم نوید سے الگ کر لیا، عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ فوج مثبت انداز میں بہترین کردار ادا کر سکتی ہے، اگر ملک کا نظام چلانا ہے تو مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کو اختیار بھی دینا ہوگا، البتہ میری فوج کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں صرف احتساب کے معاملے پر مسئلہ ہوا۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سوال پر عمران خان نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک بلین ڈالر سوال ہے‘۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کبھی اتحادی حکومت نہیں بننی چاہئیے ورنہ بلیک میل ہوتے رہیں گے، اور اگر دو تہائی اکثریت ہو تو وزیر اعظم مضبوط ہوتا ہے۔

عمران خان نے حملے کی ایف آئی آر کو چیلنج کرنے کا بھی اعلان کیا۔

دوسری جانب عمران خان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ”مضحکہ خیز ایف آئی آر کے معاملے پر میرے وکیل اپنا موقف دیں گے۔ میں نے ساری زندگی اپنے ملک کو ایک خوشحال فلاحی ریاست کے طور پر دیکھنے کا خواب دیکھا اور میری پوری جدوجہد اس خواب کو اپنی قوم کے لیے حقیقت بنانے کے لیے رہی ہے۔ آج قوم بیدار، سمجھدار اور اٹھ چکی ہے۔“

انہوں نے لکھا کہ ”انصاف، آزادی اور قومی خودمختاری کے میرے پیغام کی حمایت میں، جب ہم اپنے مقصد کے اتنے قریب ہوں تو کوئی خوف یا موت کا خطرہ میری جدوجہد کو نہیں روک سکتا۔ ہمارا پرامن احتجاج اور مذاکرات صرف پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے ہیں۔“

عمران خان نے مزید لکھا کہ ”پاکستان کے مستقبل کے لیے تحریک انصاف کے دروازے تمام جمہوریت پسند قوتوں کے لیے کھلے ہیں کہ وہ انصاف، قانون کی حکمرانی اور غیر ملکی غلامی سے آزادی کے لیے ہماری جدوجہد میں شامل ہوں، حقیقی آزادی کا ہمارا مقصد ہے۔“

imran khan

PTI long march 2022

Haqeeqi azadi march

Firing on Container

Azadi march Nov8 2022