وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، اسٹریٹجک پارٹنر شپ مضبوط کرنے پر اتفاق
وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی، جس میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ مضبوط کرنے پراتفاق ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف 2روزہ سرکاری دورے پر چین میں موجود ہیں۔
وزیراعظم نے چینی صدرشی جن پنگ سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اقتصادی شعبوں میں مزید تعاون پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے مابین سی پیک سمیت کثیر الجہتی تعاون بڑھانے اور دونوں ممالک میں اسٹریٹجک پارٹنر شپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیرِ اعظم کی آج چینی سرمایہ کاروں اور پاکستانی تاجروں سے بھی ملاقات ہو گی۔
پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک سمیت کثیر جہتی تعاون میں مزید فروغ کے لیے بات چیت ہو گی۔
واضح رہے کہ شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا یہ پہلا دورہ ہے، وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور اعلیٰ سرکاری افسران کا وفد بھی وزیرِ اعظم کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم کے دورہ چین کے ثمرات سامنے آنے لگے
وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے ثمرات سامنے آنے لگے، چینی کمپنیوں نے کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگربڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کرلی۔
چینی کمپنی نے اگلے سال کی ابتدا میں گوادر ہوائی اڈے کی تعمیر کی تکمیل کی یقینی دہانی بھی کرا دی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آگاہ ہوں کہ ماضی میں بہت مسائل آئے ہیں جس پر معذرت خواہ ہیں۔
وزیراعظم نے چین کی صف اول کی کمپنیوں کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے 10 ہزار میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر مل کر کام کرنے کی پیشکش کی ہے، جس پر کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے ملاقات کے دوران کہا کہ 11 اپریل 2022 کو اقتدار سنبھالنے کے بعد کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کیے ہیں، کمپنیوں کو واجب الادا 160 ارب روپے کی ادائیگی کرچکے ہیں، 50 ارب روپے گزشتہ روز ادا کردیے گئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چینی بھائیوں، بہنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات پر بے حد دکھ اور افسوس ہے،مجرموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں مثالی سزا ملے گی، بہترین سیکیورٹی کے اقدامات کیے جارہے ہیں، سی پیک اور دیگر تمام منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کا معیارایک ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی بھائیوں بہنوں کی سلامتی اپنے بھائیوں بہنوں کی طرح ہمیں عزیز ہے،ایم ایل وَن اور دیگر منصوبوں میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
Comments are closed on this story.