Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی: ڈکیتی مزاحمت و پولیس مقابلے میں اہلکار سمیت 3 شہری جاں بحق

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا
اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2022 09:12pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ کے قریب ڈکیتی مزاحمت اور بعدِ ازاں پولیس مقابلے کے واقعہ میں اہلکار سمیت دو شہری جاں بحق ہوگئے۔

پاک کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، مقتول بینک سے رقم لے کے جارہا تھا کہ ڈکیتوں نے فائرنگ کردی، موقع پر پہنچنے والے شاہین فورس کا اہلکار بھی ڈکیتوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

پاک کالونی کے علاقے بڑا بورڈ میں لٹیروں نے نجی بینک سے نکلنے والے ٹھیکدار سے چار لاکھ روپے لوٹ لیے، بے رحم لٹیروں نے مزاحمت کرنے پر مقتول کو گولی مار دی جس کی شناخت شکیل کے نام سے ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں موٹرسائیکل پر سوار شاہین پولیس کے دو جوان برق رفتاری سے جائے وقوع پر پہنچے، دونوں اہلکاروں نے موٹر سائیکل پر ملزمان کا تعاقب کیا جس پر ملزمان و پولیس کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک شاہین پولیس اہلکار زخمی ہوا، تشویشناک صورتحال پر اہلکار نہال کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئےموٹر سائیکل پر ہی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم نہال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

پولیس مقابلے میں ایک ڈکیت مارا گیا جبکہ شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت 45 سالہ نہال ولد ضیاء الحق کے نام سے ہوئی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ملزمان سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شہید پولیس اہلکار شاہین فورس میں تعینات تھا اور انسداد جرائم کے لئے علاقہ گشت پر مامور تھا، شہید پولیس کانسٹیبل نہال کو ملزمان کی فائرنگ سے سینے پر گولی لگی۔

کراچی پولیس چیف کی جانب سے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ کراچی پولیس کا ہر افسر اور سپاہی عوام کی حفاظت کے لئے سینہ سپر ہو کر اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوشاں ہے۔

دوسری جانب شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر بی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ عبداللہ ولد اولیا ءجان کے نام سے ہوئی ہے۔

karachi

Sindh Police

Karachi Crime