لال حویلی سمیت 7 مختلف یونٹس پر شیخ برادران کا قبضہ غیر قانونی قرار
راولپنڈی: محکمہ اوقاف نے لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے لال حویلی سمیت 7 مختلف یونٹس پر شیخ رشید اور ان کے بھائی کا قبضہ غیرقانونی قرار دے دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار لال حویلی سمیت دیگر یونٹس سے متعلق ریکارڈ پیش نہ کرسکا، سیاسی اثر و رسوخ کے باعث یہ کیس27 سال التوا کا شکار رہا۔
محکمہ اوقاف نے فیصلے میں کہا کہ شیخ برادران نے 1995 سے محکمے کو کوئی ادائیگی نہیں کی، لہٰذا درخواست گزار کی ریگولرائزیشن اور ٹرانسفر کی استدعا مسترد کرتے ہیں۔
اس سے قبل سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کا حکم عدالت میں چیلنج کیا۔
خیال رہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا تھا۔
ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس سے بےدخلی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ زیر قبضہ اراضی یونٹس 7 دن میں خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.