Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی بدترین شکست کی ذمہ داری کس پر

اگرموسی گیلانی بڑی لیڈ سے جیت سکتے ہیں تو(ن) لیگ کیوں نہیں
اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2022 02:57pm

پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی11 میں سے 8 نشستوں پرکامیابی حاصل کی، جس سے مسلم لیگ (ن) کی صفوں میں شدید مایوسی نظرآرہی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور امیدواروں نے ضمنی انتخابات میں شکست کی ذمہ داری مریم نواز، حمزہ شہباز اور پارٹی قیادت پرعائد کردی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ قائد نواز شریف نے بھی اس حوالے سے شدید برہمی کا اظہارکیا، وہ پارٹی قیادت کی کارکردگی سے نالاں ہیں اور لیگی وزرا کو سخت تنبیہ کی ہے۔

ذرائع نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نے اعلی قیادت سے شکست کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔

پارٹی رہنماؤں اورلیگی امیدواروں نے بھی بھی شکست کی ذمہ داری مریم نوازسمیت پارٹی قیادت پرعائد کرتے ہوئے کہاہے کہ اگرموسیٰ گیلانی بڑی لیڈ سے جیت سکتے ہیں تو (ن) لیگ کیوں نہیں، عمران خان نے 50 سے زائد جلسے کیے لیکن مسلم لیگ کی قیادت نے انتخابی مہم میں حصہ ہی نہیں لیا۔

رہنماوں نے شکوہ کیا کہ مریم نواز انتخابی مہم چلانے کے بجائے لندن روانہ ہوگئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ شکوہ بھی سامنے آیا ہے کہ جماعت کے صدر وزیراعظم ہیں لیکن ان کے پاس بھی پارٹی کے لیے وقت نہیں ہے۔

پارٹی رہنماؤں نے موقف پیش کیا کہ مہنگائی اور بجلی کے بھاری بل بھی شکست کی وجوہات بنے ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا کہ پارٹی رہنماؤں کے گلے شکووں سے نواز شریف کو آگاہ کر دیا ہے، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی شکست کی وجوہات کی رپورٹ نواز شریف کو بھجوائے گی۔

Maryam Nawaz

shahbaz sharif

bye election2 22

politics Oct 17