رانا ثنا اللہ کے وارنٹس کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور
راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے خلاف مسلم لیگ (ن) نے راولپنڈی کی اسی عدالت میں منگل کو درخواست دائر کی جس نے یہ وارنٹ جاری کیے تھے۔عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔
سینئرسول جج غلام اکبر کی عدالت میں وارنٹ گرفتاری واپس لینےکی درخواست دائر مسلم لیگ ن لائرز ونگ کی لیگل ٹیم نے دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ راناثنااللہ وزیرداخلہ ہیں جوکہیں بھی روپوش نہیں، جبکہ اینٹی کرپشن کی جانب سے رپورٹ میں کہاگیاراناثناروپوش ہیں جوغلط بیانی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جاری کردہ وارنٹ میں فیصل آباد کا ایڈریس ہے،اسلام آباد کا نہیں۔ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیئے جائیں۔
بعض ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا کہ عدالت نے درخواست یہ اعتراض لگاتے ہوئے واپس کر دی کہ اس پر رانا ثنااللہ کے دستخط موجود نہیں۔
تاہم بعد میں سینئر سول جج غلام اکبر نے درخواست سماعت کیلئےمنظورکرلی۔
عدالت نے اینٹی کرپشن ٹیم کونوٹس جاری کرتے ہوئے 13 اکتوبر کو طلب کر لیا۔ عدالت کی جانب سے مقدمے کا مکمل ریکارڈپیش کرنےکاحکم دیا گیا ہے۔
رانا ثنااللہ کی گرفتاری کیلئے پنجاب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اہلکار دو مرتبہ اسلام آباد کے تھانوں میں جا چکے ہیں تاہم اسلام آباد پولیس نے وارنٹس کی تعمیل میں ان کا ساتھ دینے سے انکار کردیا۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن کی ٹیم وارنٹ کے ساتھ متعلقہ دستاویزات دینے میں ناکام رہی۔
Comments are closed on this story.