Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

متحدہ کے کامران ٹیسوری نئے گورنر سندھ مقرر

صدرعارف علوی نے تقرر کی منظوری آئین کے آرٹیکل101 کے تحت دی
اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2022 03:49pm
صدرعارف علوی نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی۔
آرٹ ورک: سفیرالہٰی قریشی
صدرعارف علوی نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی۔ آرٹ ورک: سفیرالہٰی قریشی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری نئے گورنر سندھ تعینات کردیے گئے۔

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے محمد کامران خان ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تقرری کی منظوری دے دی۔

صدر نے یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 101 کی ضمنی شق ایک کے تحت دی ہے۔ اس شق کے تحت وزیراعظم کی سفارش پر صدر گورنر کا تقرر کرتے ہیں۔

دوسرے الفاظ میں وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ مقرر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گورنرسندھ کا عہدہ پاکستان تحریک انصاف عمران اسماعیل کے استعفے کے بعد سے خالی تھا اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

کامران ٹیسوری کون ہیں؟

محمد کامران ٹیسوری 5 مئی 1974 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا خاندان سونے کے کاروبار سے منسلک تھا۔ کامران ٹیسوری نے بھی اسی کاروبار کو جاری رکھا، وہ ٹیسوری گولڈ کے تاجر ہیں۔

کامران ٹیسوری سیاست میں دلچسپی کی وجہ سے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کے قریب ہوئے اورمسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کی، وہ ارباب غلام رحیم کے انتہائی قریب ساتھی سجھے جاتے تھے۔

مسلم لیگ ق کی حکومت ختم ہونے کے بعد کچھ عرصہ سیاست میں غیر متحرک رہے، بعد میں پیرپگارہ کے قریب ہوئے اور مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کی۔

اس کے بعد انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کی۔ الطاف حسین کی تقریر کے بعد ایم کیو ایم پاکستان بنی جس میں کامران ٹیسوری کو انتخابات میں ٹکٹ دینے کے مسئلے پر ڈاکٹر فاروق ستار اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان اختلافات نے جنم لیا اور ایم کیو ایم بہادرآباد اور ایم کیو ایم فاروق ستار تشکیل پائیں۔

کچھ عرصہ بعد انہیں ایم کیو ایم سے 6 ماہ کے لئے اس الزام میں معطل کیا گیا کہ انہوں نے پارٹی کی حساس معلومات میڈیا کو دیں۔

کامران ٹیسوری کچھ عرصے کیلئے ایم کیو ایم سے علیحدہ رہے، بعد میں ایک بار پھر ایم کیو ایم میں دوبارہ شمولیت اختیار کی۔

ارباب غلام رحیم کے دور میں انہیں چوکنڈی کے قریب تاریخی قبرستان کی زمین الاٹ کی گئی جس پر سخت اعتراضات ہوئے۔

کامران ٹیسوری پر گلشن اقبال میں ریلوے کی 2783 گز زمین پر پلازا تعمیر کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

کامران ٹیسوری کے گورنر بننے سے ایم کیو ایم لاعلم

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کامران ٹیسوری کو گورنر بنائے جانے سے لاعلم ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے گورنر سندھ کیلئے تین نام بھیجے تھے جس میں نسرین جلیل، وسیم اختر اور عامر چشتی شامل ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے گورنرسندھ کیلئے کامران ٹیسوری کا نام نہیں بھیجا تھا- ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے اس معاملے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا ہے، رابطہ کمیٹی نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

یاد رہے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) میں اس وقت کامران ٹیسوری ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر فائز ہیں۔

Governor Sindh

imran ismail

President of Pakistan

Dr Arif Alvi

kamran tessori