Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

رانا ثنا اللہ نے عمران خان کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا

'ریڈزون میں پاک فوج تعینات ہوگی جو لانگ مارچ کے شرکاء سے بھی زیادہ ہے'
شائع 04 اکتوبر 2022 08:37pm

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا، امکانات موجود ہیں کہ عمران خان کو لانگ مارچ کے دوران گرفتار کیا جائے۔ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ لانگ مارچ ریڈزون میں داخل ہوسکے، اسلام آباد میں داخل ہونے پر لانگ مارچ کو روکیں گے۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں میزبان عاصمہ شیرازی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ریڈزون میں پاک فوج تعینات ہوگی جو لانگ مارچ کے شرکاء سے بھی زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کیلئے تسلی بخش انتظامات کیے ہیں، انشاء اللہ خون ریزی والی کوئی صورت حال نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان بنیادی طور پر فتنہ ہے جو ملک میں فساد، افراتفری اور قوم کو تقسیم کرناچاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتا ہے۔

عمران خان کی جانب سے کارکنان سے حلف لیے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ حلف وفاداری؟ یہ تو حلف غداری ہے، یہ فتنہ اور فساد کا حلف ہے، عمران خان کس حقیقی وفاداری کی بات کررہا ہے، اس کا بیانیہ ایکسپوز ہوچکا ہے،یہ نوجوانوں کو گمراہی کے راستے پر لگا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نومبر عمران خان کیلئے بہت مشکل ہے، ہمارے لئے نومبر میں کوئی مسئلہ نہیں، نومبر میں حکومت آئین وقانون کے مطابق فیصلہ کرے گی، عمران خان آئین وقانون کوروکنا چاہتا ہے، لیکن اس میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔

Rana Sanaullah

faisla aap ka

pti long march

redzone

politics041022

politics oct 5 22