Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔
شائع 04 اکتوبر 2022 06:11pm

الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مصروف ہے، جس کے باعث بلدیاتی انتخابات کیلئے سیکیورٹی کی فراہمی ممکن نہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے ۔

جس پر الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ الیکشن کے دوران امن وامان کو برقرار رکھنا صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی ڈویژن میں الیکشن کے دوران اضلاع میں پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنائے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے 9 اور صوبائی اسمبلی پنجاب کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے حکام کو وزارت داخلہ و دفاع سے دوبارہ رابطہ کرتے ہوئے حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لئے وفاقی حکومت سے 600 ملین کی رقم مانگی جو ابھی تک فراہم نہیں کی گئی، رقم کی عدم فراہمی سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔

local bodies election

Sindh Local Government Election

politics041022