کور کمانڈر کانفرنس: فارمیشنز کو ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیاری کی ہدایت
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت 251ویں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی، جس میں ملکی و بیرونی سیکیورٹی کی صورتِ حال پرغور کیا گیا۔ اجلاس میں سیلابی صورتِ حال اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈرز نے سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔
آرمی چیف نے ہر شخص تک پہنچنے پر فارمیشنز کی تعریف کی اور ڈاکٹرز، طبی عملےکی متاثرین کیلئے خدمات کوسراہا۔
آرمی چیف نے علاج سے متعلق سہولیات پر پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے بیماریوں کے پھیلاؤ کی روک تھام میں فوج کے کردار کو سراہا، ساتھ ہی آرمی انجینئرز اور ایف ڈبلیو او کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس میں سرحدوں پر بھی سیکیورٹی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔
کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کو کسی صورت پنپنے نہیں دیں گے۔
سربراہ پاک فوج نے ہدایت کی کہ فارمیشنز ریلیف، بحالی، تعمیرنو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی کی بحالی جلد یقینی بنائیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس میں پاک فوج کے دیگر پیشہ ورانہ امور پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ فارمیشنز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔
آرمی چیف نے پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کلرتے ہوئے کہا کہ فارمیشنز ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔
Comments are closed on this story.