Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ڈکیتیوں سے تنگ کراچی والوں کا انوکھا انتقام

شہریوں نے ایک چور کو دوسری بار پکڑا اور مسروقہ سامان برآمد کیا اور پھر اپنی عدالت لگالی
اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2022 08:50pm

کراچی میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ورداتوں سے پریشان شہریوں نے اب خود سزائیں دینے کا فیصلہ کرلیا۔

شہر کے مختلف مقامات پر عمومی طور پر روزانہ کی بنیاد پر ایسی وڈیوز سامنے آرہی ہیں جس میں شہری ملزمان کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے اپارٹمنٹ روفی لیک ڈرائیو میں رونما ہوا۔

20 ستمبر کے روز شہریوں نے ایک چور کو دوسری بار پکڑا اور مسروقہ سامان برآمد کیا اور پھر اپنی عدالت لگالی۔

عوام نے چور کو پولیس کے حوالے کرنے سے قبل بالٹی میں برف ڈال کر ٹھنڈا پانی بنایا اور ملزم کو اس سے نہلا دیا۔

اپارٹمنٹ کے مکین ملزم سے خود ہی تفتیش بھی کرتے رہے اور اس کے جسم کو برف سے داغتے رہے۔

گلستان جوہر روفی لیک ڈرائیو اپارٹمنٹ کے مکینوں کے مطابق متعلقہ چور اس قبل بھی اپارٹمنٹ کے ساتویں فلور پر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا جسے پولیس کے حوالے کردیا تھا اور اب ایک بار پھر چوری کرتے پکڑا گیا ہے، جس کے بعد اسے تشدد کا نشانہ بناکر پولیس کے حوالے کیا گیا۔

تاہم شارع فیصل پولیس کے مطابق ایسا کوئی ملزم نہ کسی مکین نے ان کے حوالے کیا ہے نہ ہی ایسا کوئی واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ایسی وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں تاہم اب اس حوالے سے پولیس فیک نیوز کو جانچنے اور غلط خبر پھیلانے والوں کا تعاقب کرنے کے حوالے سے نظام مرتب کررہی ہے، تاکہ سنسنی پھیلانے والوں سے نمٹا جاسکے۔

karachi

Street Crimes