Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے پرائیویٹ اسکولوں کیخلاف کارروائی کا آغاز

ریکارڈ مانگنے پرانتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطرخواہ جواب نہیں ملا
اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2022 05:05pm
تصویر بزریعہ پاکستان بزنس ڈائریکٹری
تصویر بزریعہ پاکستان بزنس ڈائریکٹری

کراچی میں خلاف قانون زائد فیسیں وصول کرنے والے پرائیویٹ اسکولوں کے خلاف کارروائی شروع ہوگئی۔

شہر کے پانچ بڑے اور نامور اسکولوں کو حکومتی قوانین پر عمل نہ کرنے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ طلب کر لیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی معائنہ کمیٹی میں شامل افسران گلاب رائے، اخلاق احمد اور ممتاز حسین نے گلف اسکولنگ سسٹم فیڈرل بی ایریا، ایمان اکیڈمی فیڈرل بی ایریا، سوک اسکول گلشن اقبال، نخلہ اسکول پی ای سی ایچ ایس اور ایجوکیٹر اسکول کلفٹن کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران اسکولوں کی مختلف دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی جس کے مطابق گلف اسکولنگ سسٹم میں زائد فیسوں کی وصولی، لیب فیس کی وصولی ، کتابوں اور کاپیوں کی فروخت کی شکایات پائی گئیں۔

ایمان اکیڈمی میں زائد فیسوں کی وصولی، اور دستاویزات نہ پیش کرنے جبکہ سوک اسکول اور دی ایجوکیٹر اسکول سے بھی خلاف قانون زائد فیسوں کی وصولی کی شکایات ملیں۔

ڈائریکٹوریٹ کی معائنہ کمیٹی نے ان تمام اسکولوں کو وضاحتی خطوط جاری کیے جن میں کہا گیا کہ یہ تمام رقم طلبہ کو واپس کی جائے یا پھر ان کی اگلی فیس میں ایڈجسٹ کی جائیں۔

خطوط میں کتابوں، کاپیوں اور بیگ کی فروخت کو فی الفور ختم کرنے اور اسکول کا ریکارڈ لیکر مورخہ 27 ستمبر کو ڈائریکٹوریٹ میں طلب کیا گیا ہے۔

ان تمام اسکولوں سے سات یوم کے اندر جواب بھی مانگا گیا ہے، بصورت دیگر اسکول کے خلاف رولز کے تحت ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

karachi

Schools

sindh schools