Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ، لیپ ٹاپ، فون اور دیگر سامان ضبط کرلیا گیا

ایف آئی اے حکام سینیٹر سیف اللہ نیازی کی اہلیہ کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے ۔
شائع 14 ستمبر 2022 12:06am
سینیٹر سیف اللہ نیازی کی رہائش گاہ پر ‘نامنظور ڈاٹ کام’ نامی ویب سائٹ آپریٹ کی جارہی تھی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
سینیٹر سیف اللہ نیازی کی رہائش گاہ پر ‘نامنظور ڈاٹ کام’ نامی ویب سائٹ آپریٹ کی جارہی تھی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

اسلام آباد میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی کے سینیٹرسیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ مار کر ان کا لیپ ٹاپ، فون اور دیگر سامان ضبط کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کی جانب سے سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران پی ٹی آئی رہنما کا لیپ ٹاپ، فون اور دیگر سامان ضبط کرلیا گیا ۔

سینیٹر سیف اللہ نیازی کی رہائش گاہ پر’نامنظورڈاٹ کام’ نامی ویب سائٹ آپریٹ کی جارہی تھی۔

ایف آئی اے نے جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد سے سرچ وارنٹ کی اجازت بھی حاصل کی۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے حکام سینیٹر سیف اللہ نیازی کی اہلیہ کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے ۔

عمران خان کی سینیٹرسیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپے کی مذمت

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سینیٹرسیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپے کی سختی سے مذمت کی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ایک جانب امپورٹڈ حکومت کہتی ہے کہ سیلاب میں سیاست نہ کرو اور دوسری جانب ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے بنارہے ہیں،آج سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ مارا گیا،گھر سے ان کا موبائل اورکمپیوٹر اٹھا کر لے گئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت اور ہینڈلرز ہمیں دیوار سے لگارہے ہیں، میں انہیں خبردار کرتا ہوں کہ اس کے نتائج انہیں بھگتنا ہوں گے۔

سیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپہ مارنا نام نہاد حکومت کا ایک اور کارنامہ ہے، فواد چوہدری

ادھر پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے بھی ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ سیف اللہ نیازی ایک سینیٹر ہیں اس طرح ان کے گھر پر چھاپہ مارنا لیپ ٹاپ اور فون اٹھا کر لے جانا اور ہراساں کرنا اس نام نہاد حکومت کا ایک اور کارنامہ ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ سیف اللہ نیازی کے ساتھ زیادتی کی شدید مذمت کرتے ہیں ،چیئرمین سینیٹ اور متعلقہ اداروں کو اس ضمن میں فوری ایکشن لینا چاہیئے۔

pti

اسلام آباد

imran khan

Fawad Chaudhary

fia cyber crime

senator saifullah niazi

raid