Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں آج بھی بارش کا امکان

بارشوں کا سسٹم پیش گوئی سے ایک دن پہلے ہی اثر انداز ہونا شروع ہو گیا، محکمہ موسمیات
شائع 13 ستمبر 2022 08:25am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

شہرِ قائد کراچی میں آج بھی بارش کا امکان ہے، گزشتہ روز ہونے والی بارش سے موسم تو خوشگوار ہوا، لیکن سڑکوں پر پانی بھی جمع ہوگیا۔

گزشتہ روز شہر بھر میں وقفے وقفے سے تیز بارش اور کہیں کہیں بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ روز شام یا رات اور آج آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا تھا، تاہم دوپہر میں شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش شروع ہو گئی۔

گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، قائدآباد، گلشن اقبال سمیت دیگرعلاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

دوسری جانب نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، حیدری، سخی حسن، نارتھ کراچی، سرجانی اوراطراف میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

پی آئی ڈی سی، گرومندر، صدر، جمشید روڈ کے علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے جبکہ اسکیم 33، سپر ہائی وے، بحریہ ٹاؤن، گلشن معمار بھی جل تھل ہوا۔

پیش گوئی کے حوالے سے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ بارشوں کا سسٹم پیش گوئی سے ایک دن پہلے ہی اثر انداز ہونا شروع ہو گیا۔

سردار سرفراز نے کہا کہ ہماری پیش گوئی تھی بارشوں کا یہ سسٹم کل سے اثر انداز ہوگا لیکن سسٹم ایک دن قبل ہی کراچی میں اثر انداز ہونا شروع ہو گیا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج آندھی کے ساتھ معتدل اور تیز بارش ہو سکتی ہے۔

Rain

Karachi Rain

monsoon rains