Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لندن سے چوری کی گئی بینٹلی ملسن کراچی سے بر آمد

کسٹمز حکام نے مزید تفتیش کے لیے مالک اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا ہے
شائع 03 ستمبر 2022 05:10pm
ایجنسیوں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ فوٹو — بزنس ریکارڈر
ایجنسیوں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ فوٹو — بزنس ریکارڈر

کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ (سی سی ای) کراچی نے لندن سے چوری ہونے والی انتہائی مہنگی گاڑی بینٹلی ملسن ڈیفنس سے برآمد کرلی۔

برطانوی خفیہ ایجنسی کی جانب سے دی گئی معلومات پر کراچی میں لندن سے چوری ہونے والی گاڑی کی برآمدگی کے اس بے مثال واقعے نے ملک کی مختلف ایجنسیوں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

دستاویز کے مطابق برطانوی خفیہ ایجنسی نے کراچی کسٹمز کو مصدقہ اطلاع بھیجی کہ برطانوی دارالحکومت سے چوری ہونے والی ایک گرے رنگ کی وی 8 بینٹلی ملسن کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کھڑی ہے۔

برطانوی خفیہ ایجنسی کی اطلاعات کے جواب میں سی سی ای کی ٹیم نے معلومات کی سچائی کی تصدیق کرنے کے لئے مذکورہ مقام پر کڑی نگرانی کی، تلاشی کے دوران محکمہ نے گاڑی گھر کے کار پورچ کے اندر سے بر آمد کرلی۔

گاڑی کا چیسس نمبر چوری ہونے والی گاڑی کی دی گئی تفصیلات سے مماثل تھا، کسٹمز حکام نے مزید تفتیش کے لیے مالک اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا ہے۔

ابتدائی انکوائری کے دوران گاڑی کے مالک نے انکشاف کیا کہ گاڑی اسے کسی اور شخص نے فروخت کی، جس نے متعلقہ حکام سے تمام مطلوبہ دستاویزات کو کلیئر کرنے کی ذمہ داری لی تھی۔

گاڑی کے مالک کی اطلاع پر محکمہ نے مذکورہ شخص کو بھی گرفتار کر لیا جس نے خود کو بروکر کے طور پر متعارف کرایا اور مرکزی مجرم کا نام بھی ظاہر کردیا ہے جو تاحال مفرور ہے۔

محکمہ کسٹم کے ذرائع نے بتایا کہ اتنی مہنگی گاڑی کی رجسٹریشن کے لئے وزارت خارجہ سے فروخت کی اجازت، پاکستان کسٹمز سے این او سی، ڈیوٹی اور ٹیکس کی ادائیگی کی رسید درکار ہوتی ہے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے بغیر اس چوری شدہ گاڑی کو رجسٹر کیا جس سے ان غیر قانونی سرگرمیوں میں سندھ ایکسائز کے افسران کے ملوث ہونے کی نشاندہی ہوتی ہے۔

london

karachi

customs

bentley

stolen vehicle