Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت کا فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ

اتحادیوں نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اندرون و بیرون ملک سے عطیات جمع کرنے کیلئے مہم چلانے پر اتفاق کیا ہے
شائع 29 اگست 2022 11:53pm
عطیات جمع  کرنے کے لئے مہم چلانے پر اتفاق۔ فوٹو — فائل
عطیات جمع کرنے کے لئے مہم چلانے پر اتفاق۔ فوٹو — فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی) قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

دارالحکومت میں سیلاب سے متعلق وزیراعظم کی زیر صدارت حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں اعلٰی عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں شرکاء نے سیلاب کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور جاں بحق افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں قومی سطح پر تعمیر نو کا جامع پلان مرتب کرنے اور متاثرین کی آباد کاری کے لئے مؤثر منصوبہ بندی کرنے پر اتفاق ہوا جب کہ فیصلہ کیا کہ مکمل بحالی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔

اس کے علاوہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اندرون اور بیرون ملک سے عطیات جمع کرنے کے لئے مہم چلانے پر اتفاق کیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر بھی قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلڈ ایمرجنسی میٹنگ میں این ایف آرسی کے قیام کی منظوری دی گئی جو کہ سیلاب متاثرین کی معلومات فوری طور پر متعلقہ ایجنسی کو دے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ سینٹر امدادی کاموں کی نگرانی کرے گا اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، ڈونرز اور سرکاری ایجنسیوں کے درمیان پل ہوگا۔

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

floods

NDMA

Floods in Pakistan