Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کا پاکستان میں 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر امیر قطر کا شکریہ

وزیراعظم شہبازشریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں تین بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی تیاری پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔
شائع 24 اگست 2022 10:20pm
اے پی پی
اے پی پی

وزیراعظم شہبازشریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) کی پاکستان میں مختلف شعبوں میں تین بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی تیاری پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے امیر قطر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

دیوان امیری پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال امیر قطر نے کیا، وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر مشاورت کی۔

امیر قطر کی جانب سے وزیراعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کی ضیافت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ تعلقات پراطمینان کا اظہارکیا۔

باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے، باہمی تجارت کو بڑھانے، زراعت، خوراک، توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، پاکستان میں قابل تجدید توانائی، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پراتفاق کیا گیا۔

قطر کی شانداراقتصادی ترقی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے قطری قیادت اور اس کی بصیرت کو سراہا۔

وزیراعطم نے مستقبل میں قطری عوام کے لیے مزید کامیابیوں کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں قطر کے اہم تعاون پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں فریقین نے توانائی کے شعبے میں باہمی فائدہ مند تعاون کے لیے نئی راہیں بھی تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے قطر کی تیز رفتار اقتصادی ترقی مستقبل میں پاکستانیوں کے لیے مزید مواقع فراہم کرے گی۔

شہباز شریف نے قطر کی حکومت کی جانب سے فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کیلئے کیے گئے وسیع انتظامات کو سراہا۔

انہوں نے قطری قیادت کو میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ کے لیے قطر کی دیرینہ اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے افغان عوام کو درپیش سنگین انسانی اور معاشی بحرانوں سے نمٹنے میں مدد کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔

امیر قطر نے قطر کے وزیراعظم کو پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے امیر قطر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

PM Shehbaz Sharif

qatar visit