کراچی میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی
شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث الیکشن کمیشن نے حیدرآباد ڈویژن کے بعد کراچی میں 28اگست (اتوار) کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیے ۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث صوبائی الیکشن کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ پر کیا گیا۔
سندھ میں بارشوں کے باعث بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی
اس سے قبل سندھ میں شدید بارشوں کے باعث الیکشن کمیشن نے حیدرآباد میں بھی 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے تھے۔
گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات موخر ہونے والے اضلاع میں ضلع میٹاری، ٹنڈوالہ یار،حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان ، جامشور، دادو، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ شامل تھے۔
واضح رہے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 28اگست کو ہونے تھے۔
اس سے پہلے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم )پاکستان نے بھی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ حلقہ بندیاں درست ہونے تک بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں تاہم عدالت عظمیٰ نے درخواست مسترد کردی تھی۔
بلدیاتی انتخابات کراچی میں ہوں گے یا نہیں؟ الیکشن کمیشن کا اجلاس آج اجلاس طلب
بلدیاتی انتخابات صرف کراچی میں ہوسکیں گے یا نہیں اس کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن نے آج اجلاس طلب کیا تھا۔
اجلاس میں سندھ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف نکات، مشکلات اور موسمیات کی رپورٹ کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جانا تھا۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کرچکی ہے۔
سندھ میں بلدیاتی انتخابات اور این اے 245 کراچی کا ضمنی الیکشن ملتوی
قبل ازیں 20 اگست کو الیکشن کمیشن نے 24 جولائی کو سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات اور 27 جولائی کو کراچی کے حلقہ این اے 245 پر ہونے والا ضمنی الیکشن ملتوی کردیا تھا۔
سندھ کے بلدیاتی انتخابات بارشوں اور محرم الحرام کی وجہ سے ملتوی کیے گئے تھے۔
این اے 245 کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ کے 16 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن 28 اگست کو ہوں گے جب کہ این اے 245 کراچی کا ضمنی انتخاب 21 اگست کو ہوگا۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر، چیف سیکرٹری سندھ اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے بعد کیا تھا۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے موسمی حالات کے پیش نظر الیکشن کمیشن سے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
Comments are closed on this story.