Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

یہاں سب تباہ ہوگیا ، کنایاری گانے والا وہاب بگٹی حکومتی امدادکا منتظر

کوک اسٹوڈیو کے گلوکار عبدالوہاب بگٹی کی آج نیوز سے گفتگو
اپ ڈیٹ 23 اگست 2022 09:30pm

ڈیرہ مراد جمال گزشتہ 4 دنوں سے مسلسل طوفانی بارشوں نے جہاں ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو متاثر کیا، وہیں ڈیرہ مراد جمالی سے تعلق رکھنے والے بلوچستان کے معروف کوک اسٹوڈیو کے بہترین گلوکار عبدالوہاب بگٹی کا گھر بھی زمین بوس ہوگیا بے۔

بلوچستان کے علاقے نصیرآباد میں حالیہ بارشوں نے کئی سالوں کے ریکارڈ توڑ دیے، سنگر عبد الوہاب بگٹی بھی اس طوفانی بارشوں سے محفوظ نہ رہ سکے۔ کچا نما تین کمروں پر مشتمل ان کا گھر بھی منہدم ہوگیا اور وہ مجبوری کے عالم میں اپنے بچوں کو لیے ڈیرہ مراد جمالی شہر میں ایک مکان میں رہائش پذیر ہیں۔

گلوکارعبدالوہاب بگٹی کا آج نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ آرٹس کونسل اور ادارہ ثقافت بلوچستان کی جانب کوئی رابطہ نہیں ہورہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ہم بڑی مشکلوں میں زندگی گزار رہے ہیں، میں نے دوست سے ڈیرہ مراد جمالی میں ایک کمرہ لیا جہاں بچوں کو رکھا ہے کیونکہ یہاں سب تباہ ہوگیا ہے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا جارہا، تاہم کوک اسٹوڈیو اور دیگر دوست مدد کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہمیں گھر بنا کر دے کیونکہ ہم ہمارے بزرگوں کے دور سے بنے مکان تباہ ہوگئے ہیں، ہماری جمع پونجی سب ختم ہوگئی۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ سیلاب میں بے یارو مدد گار ہیں، حکومت کی جانب سے غربی مانجھوٹی کی طرف کوئی بھی امداد نہیں کی جارہی، میرے پڑوس کے کئی مکانات بھی زمین بوس ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ وائرل ہونے کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ گلوکار وہاب علی بگٹی بھی بلوچستان میں بارشوں کے بعد پیش آنے والے سیلابی تباہ کاریوں سے متاثر ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان کی جاجی خان آرٹسٹ اکیڈمی سے میوزک کی تعلیم حاصل کرنے والے عبدالوہاب بگٹی نے کوک اسٹوڈیو کے مشہور گانے ‘کنا یاری’ کے ابتداء میں پرفارم کیا جس کے بعد اس گانے کو کیفی خلیل نے مکمل کیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں بلوچی گانا ‘کنا یاری’ 19 جنوری 2022 کو ریلیز ہوا تھا جسے اب تک 20 ملین سے زائد بار سُنا اور دیکھا جاچکا ہے۔