ٹانک: پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید
خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نےفائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 2اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی پی او ٹانک وقار احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھانہ گومل کی حدود کچہ گرہ جوکہ ٹانک شہر سے تقریبا 30 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے، واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار پولیو ٹیم کو سیکیورٹی دینے کے لیے علاقے میں موجود تھےکہ جھاڑیوں میں پہلے سے تعاقب میں بیٹھے افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل نثاراورپیررحمان شہید ہوگئے جبکہ پولیو ٹیمیں حملے میں محفوظ رہی ہیں۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں پولیس کی بھاری نفری پہنچ چکی ہے اور مجرمان کے خلاف علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
دونوں اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن ٹانک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی اور میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔
دونوں پولیس اہلکاروں کا تعلق سابقہ نیم قبائلی علاقہ جنڈولہ سے ہے۔
ڈی پی او وقار احمد کے مطابق گزشتہ 8 ماہ میں تھانہ گومل کی حدود میں انسداد پولیو ٹیمیوں کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر تیسرا حملہ ہے جس میں 4پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک فرنٹیئر کانسٹبلری (ایف سی) اہلکار زخمی ہواہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعے کی مذمت کی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
یاد رہے کہ این آئی ایچ کے مطابق رواں سال شمالی وزیرستان سے 13 جبکہ ایک پولیو کیس لکی مروت سے رپورٹ ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں 10روزہ پولیو مہم 15 اگست سے شروع کردی گئی ہے۔
Comments are closed on this story.