شہباز گل کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ
**اسلام آباد: پی ٹی آئی نے شہباز گل کی گرفتاری پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ **
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں سابق وزراء بشمول مراد سعید، شیریں مزاری، بابر اعوان و دیگر موجود ہیں جب کہ سینیئر پارٹی رہنما ویڈیو لنک کے ذریعے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی نے مزید گرفتاریوں کے خدشہ کے پیش نظر اہم پارٹی رہنماؤں کو بھی الرٹ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ہنگامی اجلاس میں شہباز گل کی گرفتاری سے پیدا ہونے والی صوورتحال کا جائزہ لیا گیا، جہاں بابر اعوان کی جانب سے پارٹی قیادت کو قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی جب کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ وکیل فیصل چوہدری شہباز گل مقدمے میں معاوت کریں گے۔
دوسری جانب عمران خان نے شہباز گل کی گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور پارٹی رہنماؤں نے تحریک انصاف رہنما کو گرفتار کرنے کو انتقامی کارروائی قرار دے دی۔
عمران خان نے اجلاس میں شرکاء کو جلسے کی بھپور تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 13 اگست کو لاہور میں ہر صورت جلسہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہبازگل کے خلاف تھانہ بنی گالا میں بغاوت پر اکسانے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، انہوں نے ایک نجی ٹی وی ٹاک شو میں ریاستی اداروں کے سربراہان کے خلاف بیانات دیے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتاری کے وقت سینئرپولیس افسران موجود تھے، پی ٹی آئی رہنما کو گرفتاری کے بعد تھانے کے بجائے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.