Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل اسلام آباد سے گرفتار، بغاوت کا مقدمہ درج

پولیس نے گرفتاری کی تصدیق کردی، پی ٹی آئی رہنما نامعلوم مقام پرمنتقل
اپ ڈیٹ 09 اگست 2022 06:35pm
شہباز گل ( فوٹو: فائل)
شہباز گل ( فوٹو: فائل)

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق شہبازگل کے خلاف تھانہ بنی گالا میں بغاوت پراکسانےکےخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے،انہوں نے ٹی وی ٹاک شو میں ریاستی اداروں کےسربراہان کیخلاف بیانات دیے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتاری کےوقت سینئرپولیس افسران موجود تھے، پی ٹی آئی رہنما کو گرفتاری کےبعد تھانے لے جانے کے بجائے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں اداروں اور ان کےسربراہوں کے خلاف اکسانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

شہباز گل گرفتاری کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ جا رہے ہیں: فیصل چوہدری

پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے دعویٰ کیا کہ شہباز گل کو گلے سے پکڑ کر کھینچا گیا اور ان کے کپڑے بھی پھاڑے گئے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے کہا کہ نا معلوم افراد بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی سے آئے اور شہباز گل کو لے گئے جس کے خلاف ہم ایف آئی آر درج کروا کر اسلام آباد ہائی کورٹ جا رہے ہیں۔

اس سے قبل سب سے پہلے مراد سعید نے یہ اطلاع دیتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا، “ شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا۔ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار۔“

مراد سعید نے ٹویٹس میں شہباز گل کے اسسٹنٹ کی تصویر شیئرکرتے ہوئے کہا کہ ان پر تشدد کیا گیا ہے۔

فواد چوہدری کے مطابق شہباز گل کو بنی گالا چوک سے بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں میں آئے لوگوں نے اغواء کیا۔

مراد اور فواد کے بعد اگلی ٹویٹ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کی۔

فرخ حبیب نے لکھا، “فاشسٹ حکومت کی جانب سے شہباز گل کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرایا اور دبایا نہیں جاسکتا-”

فرخ حبیب نے حکومت سے فوری طور پر شہباز گل کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹرہینڈل پر بھی شہباز گل کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاگیا ہےکہ فاشسٹ حکومت میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔