Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

ہیلی کاپٹر سانحہ: منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف جے آئی ٹی تشکیل

کمیٹی ہیلی کاپٹر کریش پر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی اور ملزمان کی شناخت کے بعد مقدمات کا اندراج بھی کرے گی
شائع 07 اگست 2022 10:35pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ریسکیو آپریشن کے دوران پاک فوج کا ہیلی کاپٹر کریش ہونے اور شہداء کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم چلانے کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے چار رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ۔

ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے سائبر کرائم سرکل کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی، جس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے وقارالدین سید بھی شامل ہیں۔

کمیٹی ہیلی کاپٹر کریش پر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی اور ملزمان کی شناخت کے بعد مقدمات کا اندراج بھی کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوبے میں سیلابی صورتِ حال کے حوالے سے امدادی کارروائیوں میں شریک ہیلی کاپٹر کا ملبہ وندر کے علاقے میں موسیٰ گوٹھ سے ملا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا۔

حادثے میں شہید ہونے والوں میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل امجد حنیف ستی اور انجینئرنگ کور کے بریگیڈیئر محمد خالد کے علاوہ عملے کے تین ارکان بشمول پائلٹ میجر سعید احمد، پائلٹ میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔

FIA

بلوچستان

JIT

helicopter crash