Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

آپ اتنے عقلمند لوگ ہیں کہ ۔۔ مریم نواز پرفواد چوہدری کاطنز

مسجد نبویﷺ میں نعرے بازی کرنے والے 6 گرفتار پاکستانیوں کو سزا کے بعد مریم کی ٹویٹ پرردعمل
شائع 05 اگست 2022 12:22pm

مسجد نبویﷺ میں نعرے بازی کرنے والے 6 گرفتار پاکستانیوں کو سزا کے بعد مریم نواز کی ٹویٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو مشتعل کردیا۔

مسجد نبویﷺ میں 27 رمضان المبارک کو وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے پہنچنے پر نعرے بازی کی گئی تھی جس کے بعد مقامی انتظامیہ کی جانب سے ایسا کرنے والے 6 پاکستانی شہریوں کو گرفتارکیا گیاتھا جنہیں گزشتہ روز مدینہ کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر قید و جرمانے کی سزا سنائی۔

سزا پانے والوں کی سیاسی حمایت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ تھی، غالبًا اسی تناظرمیں مسلم لیگ ن کی نائب مریم نواز نے خبرسامنے آنے کے بعد اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اصل سزا کے مستحق تو عمران خان ہیں۔

مریم نواز نے لکھا کہ، “اصل مستحق عمران ہیں کیونکہ وہ اس مکروہ پلاننگ کے ماسٹرمائنڈ ہیں۔ خیر سزا سے تو اب وہ نہیں بچ سکتے”۔

اس نشتربازی پر پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیرفواد چوہدری نے مریم کو جواب دیا، “آپ لوگوں نے جو مہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے خلاف شروع کر دی ہے، کسی کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔”

فواد چوہدری نے طنزکرتے ہوئے مزید لکھا کہ “ آپ اتنے عقلمند لوگ ہیں کہ جہاں جہاں نکلیں گے لوگ آپ سے ناراضگی کا اظہارکریں گے“۔

اس واقعے میں گرفتار 6 پاکستانیوں میں سے انس، ارشاد اور سلیم کو 10، 10 سال جب کہ خواجہ لقمان، افضل اور غلام محمد کو عدالت نے 8، 8 سال قید سمیت ہر مجرم کو 20 ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

اس سے قبل اسی واقعے میں مدینہ منورہ کی عدالت پاکستانی شہری کو 3 سال قید اور 10 ہزار ریال جرمانے کی سزا سنا چکی ہے۔

Maryam Nawaz

Fawad Chaudhary