Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت کی پہلی قبائلی خاتون صدر دروپدی مرمونے عہدے کاحلف اٹھالیا

صدردروپدی مرموسابق اسکول ٹیچرہیں
شائع 25 جولائ 2022 01:32pm

نومنتخب بھارتی صدردروپدی مرمو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، دروپدی ملک کی پسماندہ قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جو اس عہدے تک پہنچیں۔

سابق اسکول ٹیچر کو گزشتہ ہفتے بھارتی پارلیمنٹ اورریاستی اسمبلیوں کے اراکین کے 64 فیصد ووٹوں کے ساتھ منتخب کیا گیا تھا۔

ملک کی 15ویں صدرکا منصب سنبھالنے والی دروپدی بھارتی قبائلی برادری کی پہلی لیڈر ہیں جو اس اعلیٰ ترین آئینی عہدے تک پہنچیں۔

چیف جسٹس این وی رمن نے دروپدی مرمو سے عہدے کا حلف لیا۔ دروپدی نے سبکدوش ہونے والے صدررام ناتھ کووند کے عہدے کی میعاد پوری ہونے کے بعد یہ منصب سنبھالا ہے۔

سنتھال قبیلے سے تعلق رکھنے والی سابقہ اسکول ٹیچردروپدی مرمو نے حلف برداری کے موقع پرکہا کہ ، “میں نے اپنی زندگی کا سفرایک چھوٹے سے قبائلی گاؤں سے شروع کیا “میں جس پس منظر سے تعلق رکھتی ہوں وہاں ابتدائی تعلیم حاصل کرنا میرے لیے ایک خواب کی طرح تھا، لیکن بہت سی رکاوٹوں کے باوجود میرا عزم مضبوط رہا اور میں کالج جانے والی اپنے گاؤں کی پہلی بیٹی بن گئی”۔

پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی مضبوط حیثیت کی وجہ سے مرمو کی جیت یقینی سمجھی جاتی تھی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ممکنہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کو 2024 میں دوبارہ انتخاب سے قبل غریب قبائلی برادریوں میں اپنی مقبولیت بڑھانے میں مدد دے گا۔

مرمو کے خطاب کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ٹوئٹرپرکہا کہ مرمو کا عہدہ صدارت سنبھالنا ہندوستان خصوصاً غریبوں اور پسماندہ طبقے کے لیے اہم لمحہ ہے۔

نئی بھارتی صدر نے اس بات کو اپنے لیے قابل فخرقراردیا کہ صدیوں سے محروم اور جو ترقی کے ثمرات سے دور افراد ان میں اپنا عکس دیکھ رہے ہیں۔

بھارت میں وزیر اعظم کے پاس ایگزیکٹو طاقت ہے لیکن صدرریاستی سربراہ ہونے کے باوجود انتظامی اختیارات استعمال نہیں کرتا، وہ کچھ پارلیمانی بلوں کو دوبارہ غور کے لیے واپس بھیج سکتا ہے اور حکومتیں تشکیل دینے کے عمل میں بھی رہنمائی کرتا ہے۔

دروپدی مرمو سال 2007 سے 5 سال کے لیے صدارت کا عہدہ سنبھالنے والی پرتیبھا پاٹل کے بعد ملک کی دوسری خاتون صدر ہیں۔

تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی صدررام ناتھ کووند، نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندرمودی، لوک سبھااسپیکر اوم برلا، مرکزی وزراء،ارکان پارلیمنٹ، مختلف سفارتی مشنز کے سربراہان اور دیگرشریک تھے۔

india

tribal areas

Droupadi Murmu