سارو گنگولی نے ایشیا کپ کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کا دعویٰ کردیا
ممبئی: بھارتی بورڈ کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی نے ایشیا کپ کے متحدہ عرب امارات (یو اے ای )میں انعقاد کا دعویٰ کردیا۔
بی سی سی آئی اجلاس کے بعد سابق بھارتی کرکٹرساروگنگولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ یواے ای میں منتقل کردیا گیا ہے، معاشی اور سیاسی بحران کے باعث سری لنکن بورڈ نے میزبانی سے معذرت کرلی ہے۔
گزشتہ برس بھی سارو گنگولی نے ایشیا کرکٹ کپ ملتوی ہونے کا پہلے اعلان کر دیا تھا۔
سری لنکا نے ایشیا کپ کی میزبانی سے معذرت کرلی
گزشتہ روز سری لنکا نے اپنے ملک میں ایشیا کپ کی میزبانی سے معذرت کرلی تھی۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ حکام نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو 2 روز قبل اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا تھا۔
سری لنکا کرکٹ کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری موجودہ سیاسی اور معاشی بحران کے سبب ایشیا کپ کرانا ممکن نہیں، اس لئے ہم ایشیا کپ کی میزبانی نہیں کرسکتے۔
سری لنکن میڈیا کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے لیے سری لنکا پہلے ایمریٹس کرکٹ بورڈ سے بات چیت کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل ایونٹ کے حوالے سے باضابطہ اعلان جلد کرے گا جبکہ ایشیا کپ کی میزبانی سری لنکا کے پاس رہے گی۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ رواں برس 27 اگست سے 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا اور یہ ٹورنامنٹ ٹی 20 فارمیٹ پر منعقد ہوگا۔
Comments are closed on this story.