بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے پر تحریکِ لبیک کا احتجاجی مارچ کا اعلان
تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیر غلام غوث بغدادی نے سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اور حلقہ این اے 245 کے انتخابات ملتوی کئے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے بگڑتی موسمی صورتِ حال کے پیشِ نظر 24 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی اور 27 جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات ملتوی کردئے گئے ہیں۔
انتخابات ملتوی کئے جانے پر ٹی ایل پی نے آج 21 جولائی کو کراچی کے علاقے نمائش تا الیکشن کمیشن آفس سندھ تک احتجاجی ریلی کا اعلان کیا ہے۔
‘پی پی، ایم کیو ایم بارش کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہیں’
امیر تحریک لبیک کراچی، علامہ غلام غوث بغدادی نے الیکشن کمیشن کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہار سے خوفزدہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم بارش کے اعلانات کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے کراچی میں این اے 245 ضمنی اور سندھ بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے
انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات کے دن بارش ہو تو اہلیان کراچی بھی شہر کے وسائل پر برسوں سے قابض پارٹیوں کی کارکردگی کا کھلی آنکھوں سے نظارہ کریں گے۔
ٹی ایل پی کراچی کے امیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی درخواستوں پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لئے بغیر اچانک انتخابات ملتوی کرنے سے الیکشن کمیشن پر کئی سوالات اٹھتے ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ ہماری پوری تیاری تھی، تاہم، انتخابات سے محض تین روز پہلے الیکشن کمیشن کا یہ اعلان انتہائی افسوس ناک ہے۔
‘فوری بلدیاتی انتخابات کراچی کے لئے انتہائی ناگزیر ہیں’
سندھ اسمبلی کے رکن اور تحریکِ لبیک کے رہنما مفتی محمد قاسم فخری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ صوبے کو لوٹنے والوں کی تجوریاں بھری ہوئی ہیں، یہ ایک ماہ بعد پھر سے ان کے منہ کھول دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ بلدیاتی انتخابات: جماعت اسلامی کا الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان
الیکشن ملتوی کئے جانے کے اعلان پر رہنما ٹی ایل پی نے سوال اٹھایا کہ موجودہ ملکی معاشی صورتِ حال کے باوجود اہلیان کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں جو سرمایہ لگایا، ان کے نقصان کا ذمہ سندھ حکومت لے گی یا الیکشن کمیشن؟
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ملکی معاشی صورتِ حال پھر سے الیکشن پر اتنے بڑے خرچ کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
مفتی قاسم فخری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے تمام اختیارات پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے، لہٰذا فوری بلدیاتی انتخابات کراچی کے لئے انتہائی ناگزیر ہیں۔
Comments are closed on this story.