Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کی کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہیئے، وزیراعلیٰ سندھ کی سہراب گوٹھ احتجاج کے بعد پولیس کو ہدایت

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی فضاء بر قرار رکھنا چاہتے ہیں، معاملےکو لسانی رنگ نہ دیا جائے کیونکہ اس کا لسانیت سے کوئی تعلق نہیں
اپ ڈیٹ 15 جولائ 2022 05:55pm
کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ فوٹو — وزیراعلیٰ ہاؤس/ فائل
کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ فوٹو — وزیراعلیٰ ہاؤس/ فائل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سہراب گوٹھ پر گزشتہ روز کے احتجاج کے بعد پولیس کو ہدایت کی کہ شہر کی کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہیئے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں افواہیں گردش کر رہی ہیں شہر کی سڑکیں بند کی جائیں گی، اگر شرپسند عناصر کوئی بھی سڑک بند کرنے کی کوشش کریں تو ان سے سختی سے نمٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی اگر کوئی حرکت کرے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، حکومت نے تمام متعلقہ افراد سے اس معاملے پر بات چیت کی ہے، فریقین اس قسم کی حرکت سے لاتعلقی کا اظہار کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں، اس معاملے میں کسی قسم کی شرپسندی یا انتظامیہ کی جانب سے غفلت کو برداشت نہیں کروں گا۔

معاملے کا لسانیت سے کوئی تعلق نہیں: شرجیل میمن

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ سندھ میں امن و امان کی فضاء بر قرار رکھنا چاہتے ہیں، معاملےکو لسانی رنگ نہ دیا جائے نہ اس کا لسانیت سے کوئی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ معاملے کی شفاف انکوائری کر کےحقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، ہم کسی بھی واقعہ کو ہوا دینا نہیں چاہتے تاہم چند عناصر ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں جنہیں نہیں چھوڑیں گے۔

سہراب گوٹھ واقعہ میں ملوث 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا: پولیس

سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر پر ہنگامہ آرائی کے معاملے پر پولیس نے ملوث 15 افراد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد نے گاڑی کو آگ لگائی، گزشتہ روز ہنگاموں کے دوران 150 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، فرار اور گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ اندرونِ سندھ میں ہوٹل پر فائرنگ اور نوجوان کو قتل کرنے کے واقعہ کے تناظر میں گزشتہ روز سہراب گوٹھ پراحتجاج کے باعث موٹر وے ایم نائن پر ٹریفک معطل ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق مشتعل افراد نے گاڑِیوں پر پتھراؤ کیا، بس اسٹینڈ اور دکانوں کو نقصان پہنچایا ہے جب کہ پولیس نےلاٹھی چارج کرکے مشتعل مظاہرین کو منتشر کیا۔

اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سہراب گوٹھ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مظاہرین کو پُر امن رہنے کی ہدایت کی تھی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، وقت ایک دوسرے کو سنبھالنے کا ہے، یہ ایک سازش ہے، اس کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔

CM Sindh

karachi

sohrab goth