Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نوجوان بلال کاکا کے قتل کا معاملہ، ملزم دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پیر کی رات حیدرآباد بائی پاس پر ہوٹل میں جھگڑے کے دوران ایک نوجوان بلال کاکا جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے
اپ ڈیٹ 14 جولائ 2022 12:09pm
مقتول بلال کاکا اور ملزم شہسوار
مقتول بلال کاکا اور ملزم شہسوار

حیدرآباد: حیدرآباد بائی پاس پرواقعہ ہوٹل میں عید قرباں کے دوسرے روز گاہکوں اور ہوٹل مالکان اور ملازمین کے درمیان جھگڑے میں نوجوان بلال کاکا جاں بحق ہوگیا تھا، جبکہ جھگڑے میں دونوں اطراف کے پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔

گرفتار ملزم شہسوار کو آج عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں عدالت نے دو روزہ ریمانڈ پر ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

پیر کی رات حیدرآباد بائی پاس پر ہوٹل میں جھگڑے کے دوران ایک نوجوان بلال کاکا جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کے دوران اسلحے اور لوہے کی سلاخوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا اس دوران ہوٹل کے قریب پولیس موبائل بھی موجود تھی لیکن فائرنگ اور جھگڑے کے باوجود پولیس نے معاملے میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی۔

گذشتہ روز نوجوان بلال کاکا کے لواحقین نے لاش سمیت حیدرآباد بائی پاس پر دھرنا دیا جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔

دھرنے کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی دھرنے کی اطلاع پر ایس ایس پی حیدرآباد امجد شیخ جائے وقوعہ پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کرکے ان کے مطابق ایف آئی آر درج کرنے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد بھٹائی نگر تھانے پر واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

ایف آئی آر میں قتل اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں اور چار ملزمان سمیت چھ نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس نے گذشتہ روز ہی ایک نامزد ملزم شہسوار کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ تین ملزمان فرار ہیں۔

آج بھٹائی نگر پولیس نے ملزم شہسوار کو سخت سیکورٹی میں فورتھ سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزم کو دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

دوسری جانب واقعے کیخلاف کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

واقعے کے حوالے سے جسقم کے رہنما ڈاکٹر نیاز کالانی نے آج نیوز ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلال کاکا کا قتل دہشتگردوں کی درندگی ہے، ہماری امن کی دھرتی ہے، دہشت کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ میں غیرقانونی طور پر رہنے والوں کو اپنے ملک واپس بھیجا جائے۔

اس حوالے سے ردعمل میں صوبائی صدر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ “اندرون سندھ میں پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہیں، سازش روکنے کیلئے قوم پرست دوست کردار ادا کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی انصاف و قانون کے منہ پر تماچہ ہے”۔

قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ غير قانوني آبادکاری کیخلاف فوری قانونسازی کی جائے، لسانی جھگڑے سندھ کے مفاد میں نہیں اور نہ ہی پاکستان کے مفاد میں ہے، بلال کے ساتھ انصاف کیا جائے۔

جبکہ مختلف پولیس اسٹیشنز پر مقتول بلال کاکا کیخلاف 12 ایف آئی آر داخل ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

local court

Bilal Kaka

Hyderabad Incident

Hotel