سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ آج منائی جارہی ہے
سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہے۔
نمازعید کے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں منعقد ہوئے، جس میں لاکھوں کی تعداد میں افراد نے نماز عید ادا کی۔
مسجد الحرام میں امام کعبہ شیخ عبداللہ جوہانی جبکہ مسجد نبویؐ میں ڈاکٹر عبدالباری بن عواض نے عید کا خطبہ پڑھا۔
عید کے خطبے میں قربانی کے فضائل پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو ایثار و قربانی کے ساتھ ساتھ دیگر احکام الہی پر عمل پیرا ہونے کی تلقین بھی کی گئی۔
تاہم سعودی عرب بھر میں 12 ہزار سے زائد چھوٹی بڑی مساجد میں بھی عید کی نماز پڑھی گئی، جس میں سعودی شہریوں سمیت پاکستانی اور دیگر غیر ملکی شہری شریک ہوئے۔
عید کی نماز کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کے جانور قربان کیے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا عید کے موقع پر سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان سمیت عالم اسلام کے تمام سربراہان کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی ہے۔
پاکستان میں بوہری برادری آج عید الاضحیٰ منا رہی ہے
بوہری برادری آج عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔
بوہری برادری کا نمازعید کا بڑا اجتماع صدر بوہری بازار کراچی میں ہوا جہاں ملکی سلامتی، امن وامن اور استحکام کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
نماز عید الاضحی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ نماز کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کا فریضہ ادا کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed on this story.