Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار

شہر قائد میں سپرہائی، نارتھ کراچی، گرومندر اور صدر سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش کے بعدموسم خوشگوار ہوگیا۔
اپ ڈیٹ 30 جون 2022 11:29am
کراچی میں بادل برسنے کو تیار ہیں۔

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، شہر میں سمندری ہوائیں مکمل طورپر بحال ہوگئی ہیں، کراچی میں مون سون کا پہلا اسپیل 2 جولائی سے بارش برسائے گا۔

کراچی میں صدر، آرام باغ، ڈیفنس، محمود آباد، نارتھ کراچی ، آئی آئی چندریگر روڈ ، سپر ہائی وے، گرومندر اور صفورا گوٹھ پر ہلکی بارش ہوئی جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مون سون کا پہلا اسپیل 2 جولائی سے بارش برسائے گا،آج شام سے مون سون ہوائیں بذریعہ تھرپارکر سندھ میں داخل ہونا شروع ہوں گی، 2 سے 5 جولائی تک کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں ہوگی۔

محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا، چیف میٹرو لوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز کے مطابق کراچی شہر میں موسلا دھار بارش جولائی کے پہلے ہفتے میں شروع ہو گی۔

کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین،دادو اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے اربن فلڈنگ کی وارننگ کا بھی خدشہ ہے۔

بارش سے قبل گرد الود ہوائیں اور آندھی چلے گی،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ تک جائے گا،شہر میں سمندری ہوائیں مکمل طورپر بحال ہوگئی ہیں۔

تیز ہواؤں اور بارشوں کے سبب پی ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کر دیا اور تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اور انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

ڈپٹی کمشنرز ، ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پانی کی نکاسی کیلئے ڈی واٹرنگ مشین اور عملے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

اس کے علاوہ کشمیر، بالائی پنجاب، اسلام آباد اور صوبہ سندھ کے ساحلی اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اربن فلڈنگ اور لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق یکم جولائی سے 4 جولائی تک کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں جبکہ موسلا دھار بارش کے ساتھ اربن فلڈنگ کے خطرات ہیں۔

لاہور میں بادلوں کا راج، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار دوسری جانب لاہور میں بھی بادلوں کا بسیرا ہے، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی توقع ظاہر کی ہے۔

karachi

Met Office

monsoon rains

karachi drizzling