Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

این اے 240 ضمنی انتخاب: متحدہ قومی موومنٹ کے ابو بکر نے میدان مارلیا

حلقے کے 390 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار محمد ابو بکر نے 10 ہزار 683 ووٹ حاصل کرکے نشست اپنے نام کرلی
اپ ڈیٹ 17 جون 2022 01:31am
ایم کیو ایم امیدوار محمد ابو بکر اور ٹی ایل پی امیدوار شہزادہ شہباز۔ فوٹو — فائل
ایم کیو ایم امیدوار محمد ابو بکر اور ٹی ایل پی امیدوار شہزادہ شہباز۔ فوٹو — فائل
NA 240 by Election MQM Pakistan kay Abu Bakr nay maidan mar lia | Aaj News

قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے محمد ابو بکر کامیاب ہوگئے ہیں۔

حلقے کے 390 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار محمد ابو بکر نے 10 ہزار 683 ووٹ حاصل کرکے پہلے جب کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے شہزادہ شہباز 10 ہزار 561 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ مہاجر قومی موومنٹ کے رفیع الدین کو 8 ہزار 349 اور پیپلز پارٹی کے ناصر رحیم کو 5 ہزار 240 ووٹ جب کہ پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے شبیر قائم خانی نے 4 ہزار 782 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کے مطابق حلقے میں پولنگ کا ٹرن آؤٹ 8.38 فیصد رہا، حلقے میں مرد و خواتین کُل ووٹرزکی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 855 ہے۔

اس ضمنی انتخاب میں 25 امیدوار میدان میں تھے جب کہ یہ نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔

پولنگ کے دوران ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ این اے 240 میں پولنگ کا وقت 5 بجے ختم ہوگیا تھا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی آدھی رات تک جاری رہی۔

Election

National Assembly

Karachi Polling