Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیم فائنل، 34 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا

چیئرمین سینیٹ و قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے پہلے وفاقی کابینہ سے حلف لیا، تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی جماعتوں کے قائدین نے بھی شرکت کی۔
اپ ڈیٹ 19 اپريل 2022 12:59pm

اسلا م آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیم فائنل ہوگئی، 34رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔

وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی جماعتوں کے قائدین نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین سینیٹ و قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے پہلے وفاقی وزراء سے حلف لیا جس کے بعد انہوں نے وزرائے مملکت سے حلف لیا۔

وفاقی کابینہ میں 31 وفاقی وزراء اور 3 وزرائے مملکت ہیں جبکہ 3مشیر بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔

مسلم لیگ (ن)14، پیپلزپارٹی 12، جمعیت علمائے اسلام (ف)4 اور ایم کیو ایم 2، بلوچستان عوامی پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی کے حصے میں ایک ، ایک وزارت آئی ۔

پہلے مرحلے کے تحت مسلم لیگ (ن)کی جانب سے خواجہ آصف،احسن اقبال،رانا ثنا اللہ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر، خرم دستگیر،مریم اورنگزیب،سعد رفیق،جاوید لطیف، ریاض پیرزادہ، مرتضیٰ جاوید عباسی اور سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھایا۔

پیپلزپارٹی کی طرف سے سید خورشید شاہ،نوید قمر، شیری رحمان، عبدالقادر پٹیل،شازیہ مری،مرتضیٰ محمود، ساجد حسین،احسان الرحمان اور عابد حسین بھابو جبکہ اسعد محمود،مولانا عبدالواسع، مفتی عبدالشکور اور سینیٹر طلحہ محمود جمعیت علمائے اسلام (ف)کی جانب سے کابینہ کا حصہ ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے امین الحق اور فیصل سبزواری کابینہ کا حصہ ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے محمد اسرار ترین، شاہ زین بگٹی اور طارق بشیر چیمہ بھی شہباز شریف کی ٹیم میں شامل ہیں۔

عائشہ غوث پاشا،حنا ربانی کھر اورعبدالرحمان خان وزرائے مملکت ہیں ،اس کے علاوہ قمر زمان کائرہ، انجینئر امیر مقام اور مفتاح اسماعیل وزیراعظم کے مشیر ہوں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بیرون ملک دورے کے باعث حلف نہیں اٹھا رہے، وہ وطن واپسی پر حلف اٹھائیں گے۔

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif