Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک فوج کے ترجمان کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

امریکا نے واضح کیا کہ ہم انسانی حقوق کے احترام سمیت آئینی اور جمہوری اصولوں کی پرامن برقراری کی حمایت کرتے ہیں
شائع 15 اپريل 2022 09:59am
فوٹوـــ ڈان
فوٹوـــ ڈان

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے الزامات کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے ترجمان کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب پرمبارکباد دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور وسیع تر خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ اس کام کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔

دریں اثنا پاک فوج کے ترجمان نے گزشتہ روز پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ ان کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے، جس سے یہ معلوم ہو سکے کہ امریکا نے عمران خان کی حکومت کو ہٹانے کی سازش میں دھمکی دی تھی یا اس میں ملوث تھا۔

اس بیان پر تبصرے کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مختصر جواب دیا کہ ہم اس سے اتفاق کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پر ہمارا پیغام واضح اور مستقل رہا ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم انسانی حقوق کے احترام سمیت آئینی اور جمہوری اصولوں کی پرامن برقراری کی حمایت کرتے ہیں۔

Shehbaz Sharif

imran khan

US State Department