Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

کسی کو بلاوجہ جیل نہیں بھجوائیں گے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، شہبازشریف

اللہ نے قوم کی دعائیں قبول کرلی، متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے انتہائی ہمت کا مظاہرہ کیا جس کی تاریخ میں کم مثال ملتی ہے،کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنائیں گے، صد مسلم لیگ (ن)
اپ ڈیٹ 10 اپريل 2022 11:35am

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم کسی سے بدلہ نہیں لیں گے اور کسی سے نا انصافی نہیں کریں گے، کسی کو بلاوجہ جیل نہیں بھجوائیں گے،قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ اللہ نے قوم کی دعائیں قبول کرلی، متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے انتہائی ہمت کا مظاہرہ کیا جس کی تاریخ میں کم مثال ملتی ہے،کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنائیں گے لیکن قانون اپنا راستہ لے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر قائدین اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان کی جہدوجہد کامیاب ہوئی اور پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم ہوئی۔

ن لیگی صدر نے کہا کہ یہ اتحاد پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گا، قائد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہم کسی سے بدلہ نہیں لیں گے، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کریں گے اور نہ ہی ہم کسی کو جیلوں میں ڈالیں گےلیکن قانون اور انصاف اپنا راستہ لے گا۔

شہبا زشریف نے مزید کہا کہ قانون اور انصاف کے معاملے میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا اور اداروں کو مل کر چلائیں گے، صدر مسلم لیگ (ن) نے آخر میں ایاز صادق کا بھی شکریہ ادا کیا۔

جمہوریت بہترین انتقام ہے، بلاول بھٹو زرداری

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘، پاکستان میں پہلی بارعدم اعتماد کامیاب کرکے تاریخ رقم ہوئی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہی کے دن شہید بی بی نے جلاوطنی ختم کرکے جنرل ضیا ءکیخلاف تحریک شروع کی تھی،آج ہم پرانے پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو پیغام ہے کہ کوئی چیز ناممکن نہیں کیونکہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔

ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا اب آپ اپنا وعدہ پورا کریں گے، خالد مقبول صدیقی

متحدہ قومی موؤمنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ لمحہ انعام سے زیادہ امتحان ہے، دعا کیجئے یہ تبدیلی چہروں کی تبدیلی نہیں بلکہ عوام کے مقدر کی تبدیلی ہو۔

خالدمقبول صدیقی نے کہا کہ عدم اعتماد کی اس کامیابی سے جمہوریت کو اعتماد ملا ہے، اب ایوان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اعتماد بحال کریں اور ایک حقیقی جمہوریت کی طرف بڑھیں، ایک ایسا پاکستان جہاں بچوں کو محفوظ سمجھ سکیں، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا اب آپ اپنا وعدہ پورا کریں گے۔

یہاں آئین ٹوٹتا ہے لیکن کسی کو پرواہ نہیں ہوتی، خالد مگسی

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سینئر رہنماء خالد مگسی نے کہا کہ ہم نے اپنے باپ ہونے کا حق ادا کردیا، آج کی کامیابی کا سہرا ایوان میں موجود تمام اراکین، اکابرین اور سیاسی ورکز کو جاتا ہے جن کی وجہ سے ہم یہاں موجود ہیں، آج کی کامیاب سیاسی ورکرز کے نام ہے، یہاں آئین ٹوٹتا ہے لیکن کسی کو پرواہ نہیں ہوتی۔

خالد مگسی نے کہا کہ آئین پاکستان کے تابع فوج اور عوام بھی ہیں، ہم سب کو جوڑ کر رکھنے والا یہ آئین ہے، جس طرح آئین کا مزاق اڑایا گیا تاریخ میں سیاہ ترین الفاظ سے یاد ہوگا۔

عمران خان نے حکومت قربان کی غلامی قبول نہیں کی، علی محمد خان

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان نے حکومت قربان کی غلامی قبول نہیں کی، مجھے خوشی ہے میں اس عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

علی محمدخان نے کہا کہ تاریخ ایک سوال چھوڑے جارہے ہیں، عمران خان کو فضل الرحمان یہودی اور امریکی ایجنٹ کہتے تھے تو پھر یہ کیسا ایجنٹ تھا جس کو ہٹانےکے لیے امریکا نے ایڑی کا زور لگا لیا۔

علی محمد خان نے مزیدکہا کہ روس صرف بہانہ ہے عمران خان نشانہ ہے، بلاول آپ کے نانا نے صرف ایک بار مسلم امہ کو اکٹھا کیا لیکن عمران خان نے دو برس میں دو مرتبہ مسلم امہ کو اکٹھا کیا، عمران خان کا گناہ یہ ہے انہوں نے ازاد خارجہ پالیسی کی بات کی، عمران خان بہت جلد عوامی طاقت سے دو تہائی اکثریت سے دوبارہ ایوان میں ہوں گے۔

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

imran khan

no confidence motion