Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسرائیل کے شہر تل ابیب میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک، 8 زخمی

پولیس کے ترجمان ایلی لیوی نے اسرائیل کے چینل 13 کو بتایا کہ فائرنگ میں 3 سے 5 افراد زخمی ہوئے ہیں اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں
شائع 08 اپريل 2022 01:15pm
فوٹوــ اے ایف پی
فوٹوــ اے ایف پی

یروشلم: اسرائیل کے شہر تل ابیب میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور دیگر 8 زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق قریبی اچیلوف اسپتال حملے کے تازہ ترین اعداد و شمار فراہم کر رہا ہے جبکہ فائرنگ کا مقصد فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا۔

تاہم حملہ فلسطینیوں کی جانب سے کئے گئے مہلک حملوں کے ایک سلسلے کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوا ہے۔

اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ایڈوم ایمرجنسی سروس نے کہا کہ اسے تل ابیب کے شہر کے ارد گرد "کئی مناظر" پر فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 6 افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا ہے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کے ترجمان ایلی لیوی نے اسرائیل کے چینل 13 کو بتایا کہ فائرنگ میں 3 سے 5 افراد زخمی ہوئے ہیں اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں جبکہ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وہاں جانے سے گریز کریں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ فوجی ہیڈکوارٹر سے صورتحال کی نگرانی کر رہے تھے، جو کہ تل ابیب کے مرکز میں بھی ہے۔

خیال رہے کہ تقریباً ایک ہفتہ قبل شروع ہونے والے مقدس اسلامی مہینے رمضان سے عین قبل فلسطینی مزاحمت پسندوں کے حملے کے سبب 11 افراد کی ہلاکت کے بعد کشیدگی عروج پر ہے۔

تاہم پچھلے سالٓ رمضان کے دوران مظاہروں اور جھڑپوں نے 11 روزہ غزہ جنگ کو بھڑکا دیا۔

Ramadan

Tel Aviv