Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

احسن اقبال نے احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

احسن اقبال نے ناروال اسپورٹس سٹی ریفرنس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سے بری کرنے کی اپیل کر دی۔
شائع 05 اپريل 2022 01:31pm

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن)کے رہنماء احسن اقبال نے احتساب عدالت کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا اور ناروال اسپورٹس سٹی ریفرنس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سے بری کرنے کی اپیل کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ جس پراجیکٹ پر ریفرنس دائر کیا گیا، وہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے شروع ہوا، نیب ریفرنس الزامات پر مبنی اور حقائق کے منافی ہے، ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

احسن اقبال نے درخواست میں عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر بری کرنے کی استدعا بھی کر دی جبکہ درخواست میں چیئرمین نیب اور احتساب عدالت نمبر تین کو فریق بنایا گیا۔

احتساب عدالت نے احسن اقبال کی ناروال سپورٹس سٹی ریفرنس میں بریت کی درخواست مسترد کی تھی۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم ليگ (ن)کے رہنما ءاحسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی نے سازشی تھیوری کو گھڑا، یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ پاکستان کا آئین اور قانون اس کی جوتی کے نیچے ہے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ وکٹ اٹھا کر بھاگنے والے سے وکٹ بحال کرائیں گے، ہر چیز کو عمران نے اپنی ذاتی سیاست کی بھینٹ چڑہایا ہے، ہم آئین کیلئے لڑیں گے، امید ہے سپریم کورٹ اپنا کردار ادا کرے گی، آئین شکنی پر وزیرقانون، ڈپٹی اسپیکر اور عمران نیازی کو فوری گرفتار ہونا چاہیئے۔

accountability court

IHC

Ahsan Iqbal

اسلام آباد